• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں پر بھارتی مظالم:عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم میں ازسرنو شدت جس کے نتیجے میں گزشتہ روز چار مظاہرین شہید اور اٹھائیس زخمی ہوئے یقینی طور پر انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ منگل کی صبح بڈگام میں پیش آنے والے اس واقعے میں کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو نوجوان زاہد اور ثاقب بھارتی فوج کی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ سے شہید ہوئے جبکہ ایک اور نوجوان کی شہادت بھارتی فوج کی جانب سے ایک گھر کو بارود سے اڑادینے کی کارروائی کے باعث ہوئی۔بھارتی فوج کے ان تازہ مظالم پرمتحدہ حریت قیادت نے پوری وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔جبکہ اتوار کو پلوامہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔ کشمیر پر سات دہائیوں سے بھارتی تسلط کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کا سرد نہ ہونا اس حقیقت کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ انہیں بھارت کا حصہ بن کر رہنے پر کسی قیمت پر تیار نہیں کیا جاسکتا۔اس سو فی صد عوامی تحریک کو مٹھی بھر دہشت گردوں کی کارروائی قرار دے کر بھارتی حکومت حقائق کا منہ چڑانے کی جو ناکام کوشش کررہی ہے دنیا کے کسی بھی باشعور شخص کا اس سے بے خبر ہونا قابل فہم نہیں۔غیرجانبدار عالمی مبصرین کے لیے مقبوضہ کشمیر کو نو گو ایریا بناکر بھارتی حکمراں اپنے جرائم کا خود اشتہار بن گئے ہیں۔ اقوام متحدہ اورمسلم ملکوں کی تنظیم او آئی سی کے وفود کو حالات کے جائزے کے لیے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دینے سے بھارتی قیادت مسلسل انکار کررہی ہے تاہم او آئی سی نے ایک بار پھر بھارتی حکومت سے کشمیر کے دورے کی اجازت طلب کی ہے اگرچہ اس کی منظوری کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ بہرصورت کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانااور غاصب بھارتی حکمرانوں سے کشمیری عوام کو حق خود اختیاری دلانا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی رو سے پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے جسے جلد از جلد پورا کیا جانا چاہئے۔

.
تازہ ترین