• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 لاکھ قبائلی بچوں کو سکولوں میں داخل کیاجائیگا،اقبال ظفرجھگڑا

 پشاور( نیوز ڈیسک)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے قبائلی علاقہ جات کے تعلیمی اداروں میں داخلہ مہم کاباقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہربچے کا بنیادی حق ہے ،انہوں نے کہاکہ فاٹا کے تعلیمی اداروں میں داخلہ مہم 31 مئی تک جاری رہے گی جس کے تحت 2 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کیاجائیگا،وہ گزشتہ روز گورنرہاؤس پشاورمیںفاٹا میں داخلہ مہم کے آغاز اور پانچویں اور آٹھویں جماعت کے سنٹرلائزڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میںمنعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر یونیسف اور یواین ڈی پی کے نمائندے ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹافداوزیر، سیکرٹری سوشل سیکٹر فاٹایوسف رحیم، ڈائریکٹرایجوکیشن فاٹاہاشم خان،ایڈیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن فاٹا محمدعباس خان ،بڑی تعدادمیں طلباء وطالبات ، ان کے والدین اور دیگرمتعلقہ حکام بھی شریک تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کامیاب مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے انہیں اپنی محنت جاری رکھناہوگی ، انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو نصابی کتب کی مفت فراہمی بروقت کی جائے، انہوں نے خاص طور پر اس بات پر بھی زوردیا کہ پورے معاشرے کو مل کرنئی نسل کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیناہوگا۔ اس موقع پر گورنرنے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے،قبل ازیں گورنر نے پشاور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پروستھیٹک اینڈ آرتھوٹک سائنسز (PIPOS) کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات اور جدید سائنسی دور میں صحت سے متعلق سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد ایک خوش آئند امر ہے اور اس ضمن میں منتظمین کے کردار اورکاوشوں کو سراہا، کانفرنس میں PIPOS کے منیجنگ ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹرعمرایوب اور قومی و بین الاقوامی ماہرڈاکٹرز اورشعبہ طب سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے شرکت کی،گورنرنے اس موقع پر ماہرڈاکٹرزکو شیلڈز د یں۔  
تازہ ترین