• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر بورڈ ،آئی ٹی منیجر ڈاکٹر شہیر وقار کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں انٹر کے امتحانات سے چند روز قبل وزیراعلیٰ ہائوس سیکرٹریٹ کی جانب سے اینٹی کرپشن کی ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر کئی افسران کو ہٹانے کی ہدایت کے باعث بورڈ کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ناظم امتحانات عمران چشتی سمیت بورڈ کے کئی اہلکاروں کو ہٹایا جا چکا ہے جب کہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر پہلے ہی اپنی ناتجربہ کاری کا اقرار کر چکے ہیں اور امتحانات کے لئے کئی سال قبل ریٹائرڈ ڈپٹی کنٹرولر کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ مین گزشتہ ڈیڑھ سال سے کوئی مستقل سکریٹری بھی نہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس کے سیکشن افسر بورڈز نصر اللہ مکو نے آئی ٹی منیجر ڈاکٹر شہیر وقار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کردی ہے جب کہ ایف آئی آر کی بنیاد پر مزید افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جن میں ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن طارق اسرار، اسسٹنٹ سیکرٹری کوآرڈی نیشن عبدالحارث فاروقی، اسسٹنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سہیل حمید اور ڈیٹا پروسیسنگ افسر سید جاوید حسن شامل ہیں۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین بورڈ نے فوری طور پر آئی ٹی منیجر شہیر وقار کو عہدے سے ہٹا کر قائم مقام سیکرٹری انٹر بورڈ کو رپورٹ کرنے کا کہا ہے جب کہ ڈپٹی کنٹرولر شجاعت ہاشمی کو روزانہ کی بنیاد پر آئی ٹی سیکشن کے معاملات دیکھنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
تازہ ترین