• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکول کی عمارت منہدم کرنیوالا مرکزی کردار اثرورسوخ کا مالک

کراچی  (افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے علاقے سولجر بازار میں جعلسازی سے اسکول کی اراضی الاٹ کراکر قدیم عمارت منہدم کرنے والی مافیا کا مرکزی کردار ایف آئی اے انسپکٹر عدنان علی شاہ اپنے دوستوں میں دعویٰ کرتا ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ایک سینئر رہنما کا بھانجا ہے لیکن پارٹی کی طرف سے کبھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ۔ملزم کے ساتھ پولیس میں ٹریننگ کرنے والے کئی پولیس افسر ان دنوں کراچی میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسرا ن ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق عدنان علی شاہ 1992 میں پولیس میں اے ایس آئی بھرتی ہوا، پولیس فورس یا تبادلہ کراکر ایف آئی اے میں تقرری کے دوران اس جدی پشتی پولیس افسر کی کوئی قابل بیان کارکردگی نہیں ہے۔  اس عہدے کا تذکرہ اور استعمال وہ کئی سالوں سے کرتا رہا ہے۔ یہ امر انتہائی اہم ہے کہ کئی سال تک ملک میں اقتدار میں رہنے والی اور کئی ادوار سے صوبے میں حکومت رکھنے والی سیاسی پارٹی کے مرکزی سطح کے ایک سینئر ترین سیاستدان کے بھانجے کیلئے پولیس میں اپنی مرضی کی پوسٹنگ رکھنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ عدنان شاہ کے والد اور دادا بھی پولیس میں رہے جس بنا پر اہم پولیس افسران تک رسائی اور اچھے تعلقات معمول کی بات ہے۔ ائرپورٹ تھانے کے سرکاری کوارٹر میں قیام پذیر عدنان شاہ کئی سالوں سے ایف آئی اے میں ڈپوٹیشن پر تقرری کراتا رہا ہے۔ 1992 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہونے والے پولیس افسران ان دنوں انسپکٹر ہیں ان میں کئی شہر کے مختلف تھانوں میں ایس ایچ اوز اور کئی شہر کے تھانوں میں شعبہ تفتیش کے انچارج تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج مقدمہ کمزور ہے اس سلسلے میں پولیس افسران کیس پر اثرانداز ہورہے ہیں۔ دوسری طرف ملزم کی 120 دن کی ملک سے باہر جانے کی چھٹی منسوخ ہونے کے بعد منگل کو وہ کمرشل بینکنگ سرکل میں اپنی ڈیوٹی پر بھی حاضر نہیں ہوا۔
تازہ ترین