• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سندھ کے لئے بہت سے اعلانات کئے ہیں، جیکب آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کے دوران اس ضلع کے لئے سڑکوں، پینے کے پانی کی فراہمی سمیت بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ایک ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نے صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا کراچی میں ہر طرف کچرا ہے، سندھ میں بدامنی تھی، اسے بھی ہم نے ختم کیا ، وزیراعظم کے اعلانات خوش آئند ہیں تمام صوبوں کی متوازن ترقی وفاقی حکومت کے فرائض میں شامل ہے لیکن بہتر ہوتا کہ وزیراعظم یہ اقدامات بہت پہلے کر دیتے تاکہ انہیں مکمل کرنے کے لئے زیادہ وقت مل جاتا تاہم جو اعلانات کئے گئے ہیں ان پر عملدرآمد کے لئے اب زیادہ تندھی اور سنجیدگی سے کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا درست ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹ نعروں پرنہیں کام کی بنیاد پر ملیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بھی درست کہا کہ سندھ میں غربت اور بے روزگاری بہت زیادہ ہے، حکومت صرف اقتدار کے لئے نہیں عوام کے دکھ درد دورکرنے اور ان کی زندگی آسان بنانے کے لئے ہوتی ہے۔ عوام میں سیاسی شعور پیدا ہو رہا ہے اور وہ سیاسی پارٹیوں اور ان کے امیدواروں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر پرکھنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کوعلاج معالجے کی سہولتیں میسر نہیں اس لئے وہ یہاں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اعلان کر رہے ہیں جس کا جلد سروے شروع کیا جائے گا۔ ذرائع آمدورفت کو تیز کرنے کے حوالے سےوزیراعظم نےکہا کہ وہ سندھ میں موٹروے بنا رہے ہیں اور بجلی کی کمی دور کرنے کے لئے کارخانے لگا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کم سے کم مدت میں زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے گا۔

.
تازہ ترین