• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان ملک کا سرمایہ اور جدید دور کے محافظ ہیں، مراد علی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ ملک میں نوجوانوں کی بھرپور طاقت ہے اور نوجوان اس ملک کا سرمایہ اور قدیم روایات سے جدید دور کے محافظ ہیں ،وہ جمعرات کو  ضیاء الدین یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سےبحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، جلسہ تقسیم اسنادمیں 383  طالبعلموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔ اسناد حاصل کرنے والوں میں ایم فل، ایم بی بی ایس، فارم ڈی، ڈینٹسٹری، بائیو میڈیکل انجینئرنگ،میڈیکل ٹیکنالوجی، اسپیچ لینگویج، فزیکل تھراپی، کلینکل لیب سائنسز، میڈیا سائنسز اور مختلف شعبہ جات میں ڈپلومہ کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو طلائی تمغوں سے بھی نوازا گیا جن میں ڈینٹل سرجری کے محمد شارق، بائیو میڈیکل انجینئرنگ کی تالیہ کریم، میڈیااسٹڈیز کے مرزا عمر بیگ، میڈیکل ٹیکنالوجی کی عائشہ، اسپیچ لینگویج تھراپی کی زینیہ محسن، جینیرک کی حنا مراد، فزیکل تھراپی کی زویا جبین، ایم بی بی ایس کی حریم عارف اور ڈاکٹر آف فارمیسی کی عروج شیخ شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم ترقی یافتہ قوم بننے کی راہ کی طرف گامزن ہیں، بہ طور نوجوان اس کے لیے آپ کا کردار بہت اہم ہے۔انہوں نے ضیاء الدین یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ اعلیٰ تعلیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سر ڈاکٹر ضیاء الدین کی صاحبزادی ڈاکٹر اعجاز فاطمہ، ڈاکٹر تجمل حسین اور ڈاکٹر عاصم حسین کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں تعلیمی ادارہ ضیاء الدین یونیورسٹی اور طب کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کرنے والا ادارہ ضیاء الدین ہسپتال موجود ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے اسناد حاصل کرنے والے طالب علموں اور بین الاقوامی معیار کی تربیت کرنے والے ضیاء الدین یونیورسٹی کی فیکلٹی کو مبارکباد دی ۔ ضیاء الدین یونیورسٹی کے کانووکیشن میں چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کا پیغام پڑھا گیا۔ انہوں نے طالبعلموں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسناد حاصل کرنے والے طالب علموں نے انتہائی جانفشانی، تعلیمی قابلیت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تازہ ترین