• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ کا اجلاس، اسپتال کے قیام کی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دبائو پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر سلمان ڈی محمد کی پی ایچ ڈی کی سند کو منسوخ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار جمعرات کو سنڈیکیٹ کے اجلاس میں خود شریک ہوئے۔ جامعہ کراچی کی یہ پہلی سنڈیکیٹ ہے جس میں ڈاکٹر مختار نے بطور چیئرمین شرکت کی ، ہمیشہ چیئرمین کا نامزد کردہ رکن شریک ہوتا ہے۔ اجلاس میں سلمان ڈی محمد کی سند کے بارے میں جامعہ کراچی کی کمیٹی کی رپورٹ کے بجائے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ پڑھی گئی، کئی اراکین نے اس پر سخت اعتراض بھی کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی اور بعض اراکین سینڈیکٹ کے درمیان سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں شہید بینظیر بھٹو چیئر کی پارکنگ کے لئے 6ایکڑ زمین دینے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا جب کہ جامعہ کراچی میں سندھ بینک کے قیام کی منظوری دینے کی بجائے اسے 60 ہزار روپے ماہنہ پر جامعہ میں جگہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جامعہ کراچی میں وفاقی حکومت کے تعاون سے اسپتال کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
تازہ ترین