• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائو میڈیکل یونیورسٹی، ڈاکٹر مسرور کو قائم مقام وائس چانسلر مقر ر کرنے کا فیصلہ

کراچی (سید محمد عسکری +اسٹاف رپورٹر) سندھ  حکومت نےڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام چانسلر ڈاکٹر خاور جمالی کی جگہ ڈاکٹر مسرور کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے ڈاکٹر مسرور کو وائس چانسلر مقرر کرنے کی سمری گورنر ہائوس بھیج دی گئی ہے۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک سینئر پی وی سی ڈاکٹر مسرور کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا جائے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر خاور جمالی جوکہ بنیادی طور پر پرووائس چانسلر ہیں، نےقائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھالتے ہی سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف ریٹائرڈ ملازمین کو فارغ کردیا تھابلکہ ڈائو کے انتظامی معاملات کوبہتر بناتے ہوئے کرپشن پر بھی قابو پایا۔ واضح رہے کہ گورنر ہائوس ڈاکٹر مسرور کے بطور وائس چانسلر تعیناتی کے نوٹیفکیشن میں تبدیلی کے حوالے سے پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے کیونکہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ڈاکٹر مسرور کی مدت کو وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمیدکی مدت تک مشروط کیا تھا جو دو سال قبل پوری ہوگئی تھی لیکن سابق گورنر کے دور میں ڈاکٹر مسرور کی مدت کا نوٹیفکیشن چار سال کا جاری ہوا تھا ، ڈاکٹر مسرور شیخ گزشتہ سال اگست میں ریٹائر بھی ہو چکے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ قائم مقام وائس چانسلر کے تقرری کا اختیار گورنر کے پاس ہوتا ہے اور اس تعیناتی میں وہ وزیراعلیٰ کے مشورے کا پابند نہیں ہوتالہٰذا امکان ہے کہ ڈاکٹر خاور جمالی بدستور قائم مقام وائس چانسلر کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ ادھر صوبائی حکومت نے ڈاؤ یونورسٹی میں اسر نو وائس چانسلر کی تلاش کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جسٹس دیدار شاہ کی سربراہی میں قائم تلاش کمیٹی میں ڈاؤ کیلئے نئے وائس چانسلرکی تلاش چاہتی ہے۔ قائم مقام سیکرٹری بورڈ و جامعات نویدشیخ کے قریبی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ صوبائی حکومت اب ڈائو یونیورسٹی میں تین مرتبہ مسلسل میرٹ پر نمبر ون آنے والے ڈاکٹر سعید قریشی کو وائس چانسلر مقرر نہیں کرنا چاہتی ہےاور وائس چانسلر کیلئے نیا اشتہار دیکر  امیدواروں کے انٹرویو کرکے اپنی مرضی کا وائس چانسلر لانا چاہتی ہے ۔ 
تازہ ترین