• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس کا فیصلہ، مختلف شہروں میں ن لیگ کی ریلیاں، کارکنوں کا رقص ، مٹھائی تقسیم

میرپورخاص+جیکب آباد+ٹھٹھہ (نامہ نگاران) پاناما کیس کا  فیصلہ آنے کے بعد مختلف شہروں میں ن لیگ کی  ریلیاں ،کارکنوں کا رقص اور مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے تفصیلات کے مطابق میر پور خاص ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلہ کے اعلان پر مسلم لیگیوں کا جشن،مٹھائیاں تقسیم کیں اور ریلیاں نکالیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے اعلان سے فوری آگہی کے لئےمسلم لیگ (ن) میرپورخاص سیکٹریٹ میں مقامی عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور فیصلہ کے اعلان کے ساتھ ہی وفاقی حکومت اور وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں نعرے لگانے شروع کردیئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔بعد میں مسلم لیگ (ن) سندھ کونسل کے رکن راجہ عبدالحق ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ میرپورخاص ڈویژنل یوتھ ونگ کے صدر ملک عبدالغفار کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتح حق کی ہوئی ہے۔ جمہوریت اور ترقی کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑاہے۔دریں اثنا سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد نواز شریف کا وزیر اعظم کے عہدے پر مزید رہنے کا کوئی جواز نہیں وہ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔یہ بات پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات ورکن سندھ اسمبلی خیرالنساء مغل نے اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ پاناماکیس کے مکمل فیصلے کا قوم کو انتظار ہے۔اخلاقی طور پر نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کو خیر باد کہہ دینا چائیے۔جیکب آباد۔پاناما کیس کے عدالتی فیصلے پر پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد عوام میں مایوسی پیدا ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنہ نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں مگر وزیر اعظم اخلاقی طور پر اپنی ساکھ گنوا چکے ہیں کیوں کہ ان کو دو ججز نے نااہل قرار دیا ہے اب ان کو حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں۔جے یو آئی کے ضلع صدر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں پاناما لیکس سے زیادہ اور اہم ایشوز ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ملک میں لوڈشیڈنگ، مہنگائی ہے جس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، پاناما لیکس پر قوم کا وقت ضائع کرنے والے اب عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دیں۔ تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر میر راجہ خان جکھرانی نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے قوم کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں آیا، تحریک انصاف کرپشن کے خلاف آج بھی مضبوط ہے اور کرپٹ لوگوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔مزدور شہری اتحاد کے صدر حاجی غلام نبی رند کہا کہ عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں امید ہے کہ جے آئی ٹی تمام معاملات کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ فوج کی نگرانی میں جے آئی ٹی بنائی جائے کیوں کہ عوام کو فوج پر مکمل اعتماد ہیں ۔  جیکب آباد میں مسلم لیگ نواز کی جانب سے پاناما کیس کے عدالتی فیصلے کے بعد جشن منایا گیا۔کارکنان   نے ریلی نکال کر شہر میں مارچ کیا اور دھول کی تاپ پر رقص کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچے جہاں مسلم لیگ کے رہنماؤں یاسر ابڑو، آصف علی ابڑو، شہریار ابڑو اور دیگرنے شہریوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ ٹھٹھہ۔ پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ن لیگی کارکنوں نے  خوشی میں ریلی نکالی۔ درجنوں کارکنان نے عبداللہ جاکھرو، بابو گندرو، عبداللہ صابرو، غلام حسین شاہ و دیگر کی قیادت میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب تک ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے مسلم لیگ ن کے جھنڈے، وزیر اعظم نواز شریف کے پوسٹر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر وزیر اعظم کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ خوشی سے سرشار کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ریلی میں شریک مسلم لیگ ن کے کارکنان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف قوم کے عظیم رہنما اور محسن ہیں قوم کی تمام امیدیں ان ہی سے وابستہ ہیں۔
تازہ ترین