انقرہ/دبئی (آئی این پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مغرب جان لے، جدید ترکی نے جی حضوری کا دامن ترک کر دیا ہے، یورپ ترکی کے بارے میں دوہرا معیار رکھتا ہے ۔ایک انٹرویو میں ترک صدر نے ریفرنڈم سے متعلق یورپی سلامتی و تعاون تنظیم کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ رپورٹ جانبداری پر مبنی ہے مگر ترکی اب وہ ملک نہیں جو مغرب کی جی حضوری کرتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکی میں تعلیم،صحت، حقوق،حفاظتی ادارے، نقل و حمل ،توانائی اور زراعت سمیت بنیادی ڈھانچے جدت پسندی کی بہترین مثال ہیں جنہیں دیکھ کر یورپ کے سینے پر سانپ لوٹ رہے ہیں ۔انہوں نے یورپ سے مخاطب ہوتےہوئے کہا کہ54 سال سے ہمیں سبز باغ دکھانے کا سلسلہ جاری ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ وہ جھوٹ کا دامن چھوڑ کر حقیقت اپنائے اور جمہوری اقدار کا ساتھ دے۔ ملک میں سزائے موت کے قانون کے بارے میں صدر نے کہا کہ اگر عوام کی خواہش ہوگی تو یہ ممکن ہوگا۔شام کی صورت حال پر غور کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا شام اور عراق کی علاقائی سالمیت کے دفاع کا دعوی تو ضرور کرتی ہے مگر عمل درآمد نہیں کرتی۔