• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نومنتخب ممبر ایڈوائزری کونسل اوورسیز پاکستانیز نعیم عباسی کے اعزاز میں تقاریب

ہائی ویکمب (پ ر) میئر آف ہائی ویکمب کونسلر ضیاء احمد اور ویکمب ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین کونسلر محبوب حسین بھٹی نے اوورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل برطانیہ (وزارت سمندر پار پاکستانیز) کا ممبر منتخب ہونے پر ممتاز سماجی رہنما اور چیئرمینOPWCنعیم عباسی کو میئر پارلر اور چیئرمین پارلر میں علیحدہ علیحدہ استقبالیے دیے۔ میئر ضیاء احمد اور کونسلر محبوب بھٹی نے حکومت پاکستان کا اس فیصلے پر خیرمقدم کرتے ہوئے توقع کی کہ نومنتخب ممبر نعیم عباسی آئندہ بھی کمیونٹی مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہیں گے نعیم عباسی نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر صدر الدین راشدی اور چیئرمین OPF-BOG بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ ذمہ داری سونپی۔ پہلی بار کسی حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے سوچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قبضہ مافیا اور سرکاری ادارے تارکین وطن کا ایئر پورٹس پر پہنچتے ہی امتحان لینا شروع کردیتے ہیں اور وہ اپنی چھٹیاں مختصر کرکے واپس برطانیہ و یورپ کا رخ کرتے ہیں اور انصاف کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے سالوں سال کیس چلتے رہتے ہیں، جبکہ اوورسیز کمیونٹی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فاسٹ ٹریک نظام کا قیام عمل میں لانا چاہیے، تاکہ کمیونٹی کو ریلیف فراہم ہو اور کمیونٹی کا اداروں پر اعتماد بحال ہو اور تارکین وطن مڈل ایسٹ اور یورپ کا رخ کرنے کی بجائے اپنے پیارے وطن پاکستان کو ترجیح دیں اور نئی نسل کا اپنے پیارے ملک سے رابطہ بحال رہے۔ نعیم عباسی نے مزید کہا کہ برطانیہ میں نادرا، پاسپورٹ اور ایمرجنسی ویزہ کی چند سال پہلے شکایات تھیں مگر ہائی کمشنر سید ابن عباس کی محنت اور کوششوں سے مثبت تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر مزمل حسین، حاجی عابد حسین، چوہدری آفتاب، عمران حسین، طارق چوہدری، راجہ ظفر اقبال، راجہ جمشید کیانی، سلیم نور ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین