• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ کے نیک بندوں کی صحبت دل کو سکون دیتی ہے، پیر نورالعارفین

بریڈ فورڈ( محمد رجاسب مغل) پیر نور العارفین صدیقی نے درس مثنوی دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نیک اور برگزیدہ بندوں کی محبت وہم نشینی اور صحبت اختیار کرکے ہی بیقرار دل کو سکون کی دولت نصیب ہوتی ہے، کسی بھی مرید کے لئے صحبت شیخ سے بڑھ کر کوئی شے نہیں جو کچھ سالک اور راہ طریقت کے مسافر کو مرد صالح کی صحبت سے میسر آتا ہے وہ شاید سالہا سال کی عبادت و ریافت اور چلہ کشی سے حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ صحبت شیخ کا ثمر ہی ہے جس نے انبیائے کرام کے بعد عالم انسانیت میں انہیں سب سے بلند بالا مقام پر پہنچایا نیک لوگوں کی سنگت اختیار کرنے والوں کے دامن پھولوں سے بھر جاتے ہیں ۔ روحانی تقریب جو حاجی محبوب حسین کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ جمشید، خلیفہ عبدالرحمن، حاجی اللہ دتہ، چوہدری قربان، نثار یٰسین، عرفان عرفانی، میاں شفقت، حاجی مالک، اسامہ، احسان صدیقی، قاری محمد اشرف، مولانا شبیر ربانی، قاری میاں خان، فیضان عرفانی، مولانا طارق اور دیگر نے خطاب اور سرور کونین حضرت محمد مصطفیﷺ کے حضور نعت شریف کے گلدستے پیش کیے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ملک رحمت اعوان نے خوبصورت انداز میں سرانجام دیئے، تقریب میں عالمی مبلغ اسلام اور روحانی دنیا کی عظیم ہستی پیر علائوالدین صدیقی ؒ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی خدمات تمام امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں۔ آخر میں پیر نورالعارفین صدیقی نے امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین