• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز خواتین پر تشدد کیخلاف نارویجن کمیونٹی سراپا احتجاج

اوسلو(خالد حمید فاروقی)ناروے میں پاکستانی کمیونٹی اسلام آباد ائرپورٹ پر نارویجن خواتین پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کے تشدد پر سراپا احتجاج ہیں۔ کمیونٹی نے مطالبہ کیاہے کہ اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دی جائے۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایف آئی اے اہلکاروں نےمبینہ طور پر معمولی تکرار پر نارویجن پاکستانی خاتون اور ان کی والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایاجس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آچکی ہے۔ دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ متاثرہ خواتین کو پاکستان سے واپسی پر ناروے کے ایک ہسپتال سے رجوع کرناپڑا۔ جسمانی زخموں کے علاوہ وہ نفسیاتی طورپربھی بہت صدمے میں ہیں۔ نارویجن ٹی وی اوراخبارات میں اس واقعہ کی خبر کی اشاعت کے بعد نہ صرف نارویجن پاکستانی کمیونٹی میں غم میں غصہ پایاجاتاہے بلکہ نارویجن بھی اس واقعے پر افسوس ظاہرکررہے ہیں۔ ناروے میں پاکستانیوں کی متعدد تنظیموں اوراہم شخصیات نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ناروے میں نارویجن کمیونٹی کی ایک نمائندہ تنظیم ’’پاکستان یونین ناروے‘‘ کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نےایک مراسلہ پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کیاہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کو قرارواقعی سزا دے، واقعہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ ناروے سمیت بیرون ممالک میں پاکستان کی انتہائی بدنامی کا باعث بناہے۔ پاکستان یونین ناروے کے بیان میں متاثرہ خاندان خصوصاً تشدد کا شکاربنے والی دونوں خواتین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہاگیاہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی اوورسیزپاکستانیوں کے ساتھ ائرپورٹس پر اس طرح کا سلوک ہوتاآرہاہے۔واضح رہے کہ ایک اور وڈیوبھی سامنے آئی ہے جس میں مبینہ طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ نارویجن خواتین نے لڑائی کا آغاز کیا ۔
تازہ ترین