• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ تھری معاملے پر بھارت کی بلیک میلنگ، چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا عندیہ

ممبئی ( جنگ نیوز ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر بلیک میلنگ کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا دھمکانا شروع کردیا۔ بی سی سی آئی نے بگ تھری ایشو پر اپنی بات منوانے کیلیے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا ہے۔ بی سی سی آئی کے مطابق اگر عالمی باڈی کے اجلاس میں متنازع بگ تھری اصلاحات کے خاتمے کے حق میں فیصلہ ہوا وہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوجائے گا۔ بگ تھری معاملے میں آئی سی سی اور بھارت بورڈ کے حکام کے درمیان مذاکرات کا تاحال کوئی حل نہیں نکل سکا ہے۔2014 سے نافذ بگ تھری فارمولے کے مطابق بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو آئی سی سی کی آمدنی کا بڑا حصہ ملتا ہے۔رواں سال آئی سی سی کے ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور وخوض اور اراکین کو شامل کرنے کے لیے اپریل میں ہونے والے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔اس سلسلے میں اجلاس رواں ماہ 24 اپریل کو ہو گا جس کے تحت ممکہ طور پر بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگی۔ اس میں بھارت اپنا پہلا میچ 4جون کو پاکستان سے کھیلے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے واشگاف انداز میں کہا ہے کہ اگر ہماری بات نہیں مانی گئی تو ہم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کریں گے۔ شرکت کے معاہدے کے تحت ہمارے پاس ایونٹ سے الگ ہونے کا حق ہے۔ بگ تھری سے متعلق حتمی فیصلہ آئی سی سی کی آئندہ میٹنگ میں ہوگا، بھارت کو آمدنی کی تقسیم کا موجودہ ماڈل برقرار رکھنے کیلئے ایک تہائی ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ اس مقصد کیلیے وہ اپنی دولت کے بل پر سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کو ساتھ ملاسکتا ہے۔ ؎اس تنازع کو حل کرنے کا بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے پاس ایک ماہ سے زیادہ کا وقت ہیں۔
تازہ ترین