• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کا چیمپئنز ٹرافی میں فاسٹ بولرز پر بھروسے کا فیصلہ

ڈھاکا ( جنگ نیوز) انگلینڈ کی کنڈیشنز اور وکٹوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ دیش نے چیمپئنز ٹرافی میں بھی فاسٹ بولرز پر بھروسے کا فیصلہ کیا ہے۔ میگا ایونٹ کیلئے بورڈ نےممکنہ 15 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا، میڈیم پیسر شفیع الاسلام کی طویل عرصے بعد واپسی ہوئی ہے۔ شفیع الاسلام نے آخری بار گذشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف بنگلہ دیش کی نمائندگی کی تھی۔ وکٹ کیپر نورالحسن، فاسٹ بولر شبھاشيش رائے اور آل راؤنڈر شواگتا ہوم کو جگہ نہیں مل سکی۔ انہوں نے حال میں سری لنکا کے خلاف ڈرا ہونے والی سیریز میں حصہ لیا تھا۔ بنگلہ دیش نے آخری بار چیمپئنز ٹرافی میں 2006میں شرکت کی تھی۔ ٹائیگرز کو اس مرتبہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ اعلان کردہ سکواڈ میں مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، امرالقیس، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، صابر رحمان، محمود اللہ، مصدق حسین، مستفیض الرحمان، روبیل حسین، تسکین احمد، سنزام الاسلام، مہدی حسن اور شفیع الاسلام شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم یکم جون کو افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم انگلینڈ سے نبرد آزما ہوگی۔
تازہ ترین