• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولڈن جوبلی ٹیسٹ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز آج سے کنگسٹن میں مدمقابل

   کنگسٹن، جمیکا (جنگ نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ سے سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں شروع ہوگا۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ گولڈن جوبلی ٹیسٹ ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو پریکٹس سیشن میں بیٹنگ اور فیلڈنگ پر زیادہ زور دیا، پاکستان کی ٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی رہی، گرین شرٹس نے ٹی 20 سیریز 3-1 اور ون ڈے سیریز 2-1سے اپنے نام کی۔ یونس خان اور مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے اور اس لئے وہ بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلی گئیں سیریز میں دونوں ٹیمیں 5-5 سے برابر ہیں، دونوں ممالک کے درمیان 16ٹیسٹ سیریز میں سے5 پاکستان اور 5 ہی ویسٹ انڈیز ٹیم نے جیتیں جبکہ 6سیریز ہار جیت کے فیصلے بغیر ہی ختم ہوگئیں لیکن ویسٹ انڈیز ٹیم کے لئے پلس پوائنٹ یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیم اس کی سر زمین پر اب تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، دونوں ٹیموں کے درمیان ویسٹ انڈیز میں 7 سیریز کھیلی گئیں جن میں 4 سیریز ویسٹ انڈیز نے جیتیں اور 3 ڈرا ہوئیں جبکہ پاکستان کوئی بھی سیریز اپنے نام کرنے میں ناکام رہا۔ مصباح الحق ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز ہرا نے میں کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کے پہلے کپتان بن جائینگے۔ یونس خان جو اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے سے صرف 23 رنز کی دوری پر ہیں۔ وہ اس سیریز میں 10ہزار رنز کلب میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بننے کے قریب ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچری اسکور کی جس میں انگلینڈ اور بھارت میں ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہیں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 بار تھری فیگر اننگز کھیلی ہے۔ دوسری جانب نوجوان کھلاڑی بابر اعظم ، شاداب خان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں غیر معمولی کارکردگی شائقین کرکٹ کو جیت کی امید دلاتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے کے قریب ہیں۔سرفرازاحمد کویہ اعزاز پانے کیلئے مزید 52 رنز درکار ہیں ۔سرفراز نے اب تک 33 میچز میں 1948 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی تین سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں، پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی مکمل فٹ نہ ہو سکے جس کے باعث ان کا پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہ ہونے کا امکان ہے۔ ویسٹ انڈیزکی 13 رکنی اسکواڈ میں کپتان جیسن ہولڈر، دیوندرا بشو، جرمین بلیک ووڈ، کریگ بریتھویٹ، روسٹن چیس، میگل کمنز، شین ڈورچ، شینن گبرائل، شمرون ہٹمائر، شائی ہوپ، الزاری جوزف، کیرن پاول اور وشال سنگھ پر مشتمل ہے۔ 
تازہ ترین