• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سیاسی بے یقینی ختم ہوتے ہی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر سر مایہ کاری سے تیزی کی بڑی لہر ، 100 انڈیکس میں 1140 پوائنٹس کا بڑااضافہ ۔فیصلہ آنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 12 کروڑ 60 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جس کی مجموعی مالیت 12 ارب 46 کروڑ روپے رہی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کوبھی تیزی کی جانب گامزن رہی اور 100 انڈیکس 11 بالائی حدعبورکرنے کے ساتھ 48 ہزارسے زائد پوائنٹس کی نفسیاتی سطح پربحال ہوگیا۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب سے زائدروپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے سرمائے مجموعی حجم 94 کھرب سے بڑھ کر 96 کھرب روپے پرجا پہنچا ۔جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس میں 1140.08پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیا جس سے 100 انڈیکس 47603.48پوائنٹس سے بڑھ کر 48743.56پوئنٹس پرجاپہنچا۔اسی طرح 634.20 پوائنٹس کے اضافے سے30 انڈیکس 25926.24 پوائنٹس اورآل شیئرزانڈیکس 622.47 پوائنٹس کے اضافے سے33216.34 پوائنٹس پربندہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 84 ارب 49 کروڑ 47 لاکھ 64 ہزار 828 روپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 94 کھرب 21 ارب 19 کروڑ 75 لاکھ 13 ہزار 896 روپے سے بڑھ کر 96 کھرب 5 ارب 69 کروڑ 22 لاکھ 78 ہزار 724 روپے ہوگیا۔
تازہ ترین