• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس فیصلہ، ملک میں کرپشن کے خاتمے کا آغاز ہوگیا، فاروق ستار

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ نیب ، ایف بی آر اور دیگر اداروں نے ذمہ داریاں نہیں پوری کیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے ایم کیو ایم (پاکستان) کے عارضی مرکز واقع بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن اور سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاناما کیس سے ملک میں کرپشن کے خاتمے کا آغاز ہوچکا ہے لہٰذا اب نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع شدہ ساڑھے چھ ہزار ارب روپے کے179 میگا کرپشن کیسز کیلئے بھی جے آئی ٹیز قائم کی جائیں اور ان کیسز کا بھی جلد فیصلہ کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کے خلاف بھی کرپشن کے کثیر الزامات ہیں جن میں نامزد بیشتر ملزمان ملک سے فرار جبکہ کچھ ملک میں موجود ہیں ، یہ الزامات بھی ہیں کہ ملک میں اربوں کھربوں روپے کے قرضے لیکر انہیں ہڑپ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب اور انصاف کی فراہمی کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے، ابھی ایک مرحلہ مکمل ہوا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ بھی آئین و قانون کے مطابق مکمل ہونا چاہئے۔
تازہ ترین