• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں 104پاکستانی قید، عافیہ تک قونصلر رسائی کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، سرتاج عزیز

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ امریکا میں 104؍ پاکستانی قید ہیں  235؍ افراد کیخلاف کیس زیر سماعت ہیں ، پاکستان کا امریکا کے ساتھ مجرموں کے تبادلہ کا معاہدہ موجود ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران کیا جبکہ اپوزیشن نے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کے جواب پر ایوان سے واک آئوٹ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم خان سواتی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بتایانیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی جانب سے گزشتہ دو برسوں کے دوران چاروں صوبوں میں اربوں روپے کی لاگت سے بعض سڑکیں مکمل کر لی گئیں جبکہ بعض پر کام جاری ہے، ضمنی سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ این ایچ اے کا بورڈ ٹول پلازہ کی شرح میں اضافہ کرتا ہے ، ساڑھے 12ہزار سڑک کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کی ہے ، بی او ٹی پر بیس سال کیلئے ہے ، دو سو ارب روپے انہوں نے این ایچ اے کو کما کر بھی دیئے ہیں ، سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ دو سو بلین روپے دینے کے بعد وہ کیا کماتے ہیں اس کا حساب ہونا چاہئے اس پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ انہوں نے اتنی رقم تو دیدی جتنا بھی پبلک پر ٹول لگا لیں اس پر کوئی چیک نہیں ، ٹول پلازوں پر ڈیفنس کی گاڑیاں ٹیکس سے مبرا ہوتی ہیں باقی سب سے لیا جاتا ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمٰن نے بتایا کہ وزیراعظم پروگرام برائے فروغ ہنر مندی کے تین فیز کا تصور پیش کیا گیا ہے ۔سینیٹر نزہت صادق کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ گزشتہ تین سال کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں صحت کے مختلف پروگراموں اور اسکیموں کیلئے کیلئے مختص رقم کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، سینیٹر میاں عتیق شیخ کے گوادر پورٹ کی ریونیو میں چین کے حصہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں میر حاصل خان بزنجو نے بتایا کہ رعایتی معاہدے کے مطابق پورٹ آپریٹرز ، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو ٹرمینل آپریشنز کے مجموعی محصولات میں سے 91فیصد مرین آپریشنز کے مجموعی محصولات میں سے 91فیصد جبکہ فری زون آپریشنز کے مجموعی محصولات میں سے 85فیصد حصہ ہے ، سینیٹرچوہدری تنویر خان کے سوال کے جواب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ امریکا میں 104پاکستانی قید ہیں ، 253 افراد  کیخلاف کیس زیر سماعت ہیں، امریکہ ، متعلقہ امریکی حکام ان افراد کو وکیل صفائی فراہم کرتے ہیں جن کے مقدمات زیر سماعت ہیں ان میں سے کچھ افراد جن کے پاس پہلے ہی امریکہ میں قانونی حیثیت ہوتی ہے جیسا کہ گرین کارڈ وغیرہ وہ اپنے وکیل خود کرتے ہیں ۔سینیٹر محسن عزیز نے ضمنی سوال پر کہا کہ پولیو کے حوالے سے خلیجی ملک ہمارے سرٹیفکیٹ کو کیوں نہیں مانتا جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ ہم ہر جگہ پولیو ڈراپ کرتے ہیں جو نہیں مانتے انہی سے پوچھا جائے اس پر بعض اپوزیشن ارکان نے کہا کہ یہ کوئی جواب نہیں ، چیئرمین سینیٹ نے اس طرح کے سوال کرنے سے اپوزیشن کو روک دیا جس پر بعض اپوزیشن ارکان نے واک آئوٹ کردیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے کہا کہ اپوزیشن کو منا کر واپس لے آئیں ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق اپوزیشن کو منا کر واپس لائے۔ اے پی پی کےمطابق  وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے سفارتی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کا امریکا کے ساتھ مجرموں کے تبادلہ کا معاہدہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونہی سفارت خانہ کو کسی پاکستانی شہری کی حراست کی اطلاع دی جاتی ہے، فوری طور پر قونصلر کی سطح پر رسائی کے لئے رجوع کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو قونصلر کی سطح پر رسائی کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ متعلقہ امریکی حکام ان افراد کو بھی وکیل صفائی فراہم کرتے ہیں جن کے مقدمے زیر سماعت ہیں۔ اگر پاکستانی مشن سے بھی درخواست کی جائے تو وہ بھی ممکنہ قانونی مدد فراہم کرتا ہے۔
تازہ ترین