• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’گو نواز گو‘ کے نعرے لگانے والے زیر حراست طلبہ وزیراعظم کے حکم پر رہا

لاہور(آئی این پی)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے تقریب سے خطاب کے دوران طلباء نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگا دئیے، پولیس نے 4 طلباء کو حراست میں لے لیا تاہم وزیراعظم نوازشریف کے نوٹس اورحکم کے بعد ان کھلاڑی طلباء کو رہاکردیا گیا۔ ترجمان ریلوے کاکہناتھا کہ ریلوے پولیس نے کسی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو لاہور میں ریلوے اتھلیٹکس مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات میں و زیر ریلوے سعد رفیق کی موجودگی میں طلبہ نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگائے۔ جس پر ریلوے پولیس نے 4طالب علموں کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ اتھلیکٹس مقابلوں کی تقریب میں کوئی مداخلت نہیں ہوئی۔ چندنوجوانوں نے و زیر ریلوے کی تقریر کے بعد نعرے لگانے کی کوشش کی۔ ریلوے ایتھلیٹ چیمپیئن شپ غیر سیاسی تقریب تھی جسے سازش کا نشانہ بنایا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیا اور زیر حراست طلبہ کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ بعد ازاں پولیس نے چاروں طلبہ کو رہا کر دیا۔ حراست میں لئے جانے والے طلباء میں ابرار ‘ فتح اللہ ‘ وحید اور پپو شامل تھے۔
تازہ ترین