• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں امن کابراہ راست تعلق اس کے پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان سے ہے،اسحٰق ڈار

نیویارک(عظیم ایم میاں)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کا کہنا ہےکہ افغانستان میں امن کابراہ راست تعلق اس کے پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان سے ہے۔انہوں نے افغان ہم منصب اکلیل احمد حکیمی کو پاکستان کی حالیہ اقتصادی صور ت حال سے آگاہ کیا اور موجودہ حکومت کی جی ڈی پی شرح میں بہتری اور پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی پالیسیوں میں معاونت سے معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی حاصل ہوگی۔اس موقع پر اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ  افغانستان میں امن کا تعلق براہ راست اس کے پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان سے ہے۔انہوں نے افغان فوج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے جس میں 100 سے ذائد فوجی جاں بحق ہوئے پر اظہار افسوس کرتے ہوئےسخت الفاظ میں مذمت کی .ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ، افغانستان کے ساتھ مل کر خطے میں امن قائم کرنے کا خواہاں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پرامن ہمسائیگی کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط ضروری ہیں۔دونوں وزراء نے پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد طلب کرنے پر بھی رضامندی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین