• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان سے 60پاکستانی تارکین وطن کو ترکی بھیج دیا گیا

ایتھنز (جنگ نیوز) یورپی یونین اور ترکی کے مابین طے شدہ مہاجرین کی ڈیل کے مطابق یونانی حکام نے مزید ساٹھ تارکین وطن کو ملک بدر کر کے واپس ترکی بھیج دیا ہے۔ ان تارکین وطن کا تعلق پاکستان سے تھا۔جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ترکی اور یورپی یونین کے مابین طے شدہ مہاجرین کی ڈیل کے تحت یونانی حکام نے مزید ساٹھ تارکین وطن کو ملک بدر کر کے ترکی واپس بھیج دیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ترکی واپس بھیجے جانے والے ان پناہ کے متلاشی افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔ ان افراد کو جمعرات کے روز یونان سے ملک بدر کیا گیا۔یونانی پولیس کے مطابق یہ تارکین وطن غیر قانونی طور پر بحیرہ ایجئن کے سمندری راستوں کے ذریعے ترکی سے یونانی جزیروں تک پہنچے تھے۔ حالیہ دنوں کے دوران ہی ان افراد کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں جس کے بعد یورپی سرحدوں کے نگران ادارے ’فرنٹیکس‘ کی نگرانی میں ان تارکین وطن کو ایک بحری جہاز میں سوار کر کے یونانی جزیرے کوس سے ترکی کے ساحلی علاقے ڈیکیلی پہنچا دیا گیا۔
تازہ ترین