• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرونی و بیرونی دشمن زبا نوں کو لگام دیں، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک  ہر قیمت پر کامیاب بنائیں گے، اندرونی و بیرونی دشمن زبانوں کو لگام دیں۔ مخالفین  اس گیم  چینجر منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد سے خوف زدہ ہیں اور حسد کی آگ میں جل رہے ہیں۔انشاء اللہ سی پیک کا منصوبہ مکمل ہوگا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کا سفر ضرور طے کرے گا اور ہمسایہ ممالک سے معاشی جنگ جیتیں گے۔شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں پنجاب۔ جیانگ ژی بزنس فورم 2017 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پنجاب۔جیانگ ژی بزنس فورم کے دوران دونوں صوبوں کے مابین معاشی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین عظیم ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے اور اقوام عالم میں پاک چین دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی یہ ہر دبائو سے مبرا او رشرائط سے پاک ہے اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔چین نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ چین پہلے دن سے ہی پاکستان سے دوستی کا حق نبھا رہا ہے اور گزشتہ 70 سالوں میں چین نے پاکستان کو متعدد منصوبوں کے بڑے تحفے دیئے ہیں۔سی پیک بھی چینی قیادت اور حکومت کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے جس پر پاکستان کی حکومت اور عوام سی پیک کے تحفے پر چین کے شکرگزار ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر تیز رفتاری سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس بزنس فورم کے ذریعے پنجاب اور چینی صوبے جیانگ ژی کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے حوالے سے سودمند تجاویز سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے بزنس مینوں کے مابین تعاون کے معاہدے بھی ایک مثبت پیشرفت ہے جس سے پاکستان اور چین کے معاشی تعلقات میں بھی اضافہ ہوگا۔ چین نے سی پیک کے تحت پاکستان میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تحفہ دیا جس میں اربوں ڈالر توانائی کے منصوبوں پر لگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی عظیم سرمایہ کاری کے باعث پاکستان میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں منصوبے لگ رہے ہیں جبکہ چین نے پشاورسے کراچی تک ریلوے لائن کا منصوبہ بھی بنایا ہے- انہوں نے کہا کہ 250 طلبا و طالبات بیجنگ یونیورسٹی میں پنجاب حکومت کے اخراجات پر چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔یہ طلبا و طالبات وطن واپس آ کر بیجنگ۔اسلام آباد، بیجنگ۔لاہور اور بیجنگ و دیگر صوبوں کے مابین پل کا کردار ادا کریں گے۔ ممبر سنٹرل کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ، لوشنشےنے کہا کہ نے کہاکہ شہبازشریف نے سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ دیگر منصوبوں کو بھی انتہائی تیزی کیساتھ آگے بڑھایا ہے اور وہ پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں جنہوں نے عملی طو رپر کام کر کے دکھایا ہے اور حقیقی معنوں میں ترقی کے مینار قائم کئے ہیں۔شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب میں تیزی سے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بلاشبہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک پرعزم اور وژنری لیڈر ہیں۔ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے حقیقی معنوں میں ترقی کی ہے اور وزیر اعلیٰ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو پاکستان کے علاوہ چین میں بھی سراہا جاتا ہے۔ شہباز شریف نے ڈائریکٹر جنرل اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید جاوید اقبال بخاری کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مشہبازشریف نے اپنے تازہ ٹویٹ میں شعری زبان میں کہاہے کہ۔ ۔۔برہم ہوں بجلیاں کہ ہوائیں خلاف ہوں۔۔۔۔۔۔ کچھ بھی ہو اہتمام چراغاں کریں گے ہم۔
تازہ ترین