• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک امتحانات، متعدد امیدواروں کا سینٹر کے پی ٹی بوائز سیکنڈری اسکول کیماڑی منتقل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت سائنس گروپ کے 390امتحانی مراکز میں سالانہ امتحانات جاری ہیں جس میں تقریباً 3لاکھ سے زائد امیدوارشرکت کر رہے ہیں۔چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا کہ15اپریل سے 22اپریل تک ان کی سربراہی میں اور تمام چھ اضلاع کی خصوصی ویجیلینس ٹیموں اورضلعی انتظامیہ کے افسران نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے جس میں اب تک 47امیدوار نقل اور 7افراد اصل امیدواروںکی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑے گئے ان تمام امیدواروں کے کیسز بورڈ کی طرف سے بنائی گئی سزا دینے والی کمیٹی کو دے دیئے گئے ہیں ۔ بعد ازاں چیئرمین میٹرک بورڈ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز انگلش کے پرچہ کے دوران کیماڑی میںایک امتحانی مرکز باب الاسلام پبلک بوائز سیکنڈری اسکول کیماڑی میں گنجائش سے زیادہ امیدواروں کے بیٹھنے کی شکایات موصول ہوئی تھی جس کی بنا پرچیئرمین میٹرک بورڈ نے اسکیرڈ ہارٹ اسکول کیماڑی روڈ ، زم زم پبلک اسکول ای ڈی او ای، سی ڈی جی کے پی ایس کیماڑی، شبیر گرامر سیکنڈری اسکول چھوٹی مسجد بھٹہ ولیج کیماڑی اور شکاگو پبلک سیکنڈری اسکول مکہ مسجد عمر خان روڈ کیماڑی کے امیدواروںکا امتحانی مرکز کے پی ٹی بوائز سیکنڈری اسکول کیماڑی میں شفٹ کر دیا ہے اب وہ امیدوار24اپریل سے کے پی ٹی بوائز سیکنڈری اسکول کیماڑی میں اپنے امتحانی پرچے دیں گے۔ بعد ازاں بچوں اور والدین کی طرف سے ایک شکایت پاکستان سیکنڈری اسکول اورنگی ٹائون سے بھی رپورٹ ہوئی تھی جس کی وجہ سے چیئرمین میٹرک بورڈ نے امتحا نی مرکز کے سینٹرکنٹرول آفیسرکو فوری طورپر امتحانی کام میں غفلت برتنے پر سینٹر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ نے تمام اسکول سربراہان اور امیدواروںکو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے احتجاج کی آڑ میںغیر متعلقہ افراد کو امتحانی مرکز میں داخل نہ ہونے دیںکوئی بھی امیدوار امتحانی پرچے کے دوران نقل میں ملوث پایا گیا تو قانون کے مطابق انہیں دو سے تین سال تک کیلئے کسی بھی امتحان میں شرکت سے دور رکھنے کی سزا دی جا سکتی ہے۔انہوں نے واضح ہدایت کی ہے کہ نقل مافیا کیخلاف اسکولوں کے سربراہان بورڈ کی جانب سے بنائی گئی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ نقل کی روک تھام کیلئے مثبت اقدام کیا جا سکے ۔
تازہ ترین