• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

55.9ارب ڈالرز کے جنگی اخراجات کرنیوالا بھارت 5ویں نمبر پر

کراچی(نیوزڈیسک) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے جنگی اخراجات 55.9ارب ڈالرز تک جا پہنچے ہیں اور وہ دنیا کا 5واں بڑا جنگی اخراجات کرنے والا ملک بن گیاہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جاری کردہ ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے ممالک ہتھیاروں اور دفاعی آلات پر زیادہ خرچہ کر رہے ہیں، دفاعی اخراجات میں اضافے کی شرح میں عالمی سطح پر2011کے بعد پہلی مرتبہ اضافہ ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق2016میں دنیا بھر میں مجموعی طور پر 1.68ٹریلین ڈالر ہتھیاروں پر خرچ کیے گئے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.4فیصد زیادہ ہے، بھارت کے2016میں جنگی اخراجات تقریباً 8.5فیصد اضافے کے ساتھ 55.9ارب ڈالرز تک جا پہنچے ہیں، سب سے زیادہ جنگی اخراجات کرنے والاملک امریکا ہے جسکا فوجی بجٹ 611ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے، اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال چین کے جنگی اخراجات 215ارب ڈالر زتک پہنچ گئے اور اگر 7فی صد کے اضافے کو مد نظر رکھا جائے تو توقع ہے کہ 2017میں چین کا دفاعی بجٹ امریکہ کے جنگی بجٹ کے ایک چوتھائی کے برابر ہوگا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقتصادی بحران کے باوجود روس دفاعی بجٹ میں اضافے کے لحاظ سے امریکہ اور چین کے بعد تیسرے نمبر پر ہے جبکہ چوتھے نمبر پر سعوی عرب رہا ہے۔
تازہ ترین