• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’شوباز‘‘ کے پیٹ سے پختونوں کا پیسہ نکلوائوں گا، زرداری نے گو نواز گو کےبعد گوعمران گو کا نعرہ بھی لگادیا

مالاکنڈ (نمائندگان جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور عمران نیازی کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی جنگ نہیں، ہماری ناراضی کی اصل وجہ ان کی حکومتوں کا عوام کے ساتھ کیا جانے والا ظلم اور شہریوں کے حقوق غصب کر نا ہے ، شہباز شریف پختونوں کا حصہ کھارہے ہیں ،شوباز کے پیٹ سے لوٹا ہوا پیسہ نکلواؤں گا۔ وہ مالا کنڈ میں بٹ خیلہ اور بدرگہ کے مقامات پر جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ آصف زرداری نے گونواز گو کے بعد گو عمران گو کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ضیا ء الحق کے شاگرد ہیں، مشال کا قتل انکی پالیسیوں کا نتیجے ہے جبکہ جعلی خان لوگوں کو بیوقوف بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان نے حکومت پر قبضہ کر رکھا ہے جو اپنے مرغی و انڈے سے لے کر بجلی کے کاروبارتک کے فروغ کیلئے حکومت کو استعمال کر رہا ہے ۔ عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ عمران نیاز ی نے اپنے آپ کو جعلی خان بنایا ہوا ہے خان صرف نام سے نہیں بلکہ کام سے بنتے ہیں ، چار سال میں انہوں نے صوبے میں کیا کام کیا صر ف بڑ ے بڑ ے وعدے اور باتیں کی جارہی ہیں جبکہ اصل صورت حال یہ ہے کہ پشاور میں کاروبار بند پڑاہے اور تمام بڑے بڑے سرمایہ دار اور صنعتکار یہاں سے منتقل ہو رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجود ہ حکمرانوں کو سی پیک کی کوئی سمجھ ہی نہیں ہے ہم نے سی پیک کا منصوبہ پورے ملک اور بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے عوام کے لئے بنوایا تھا اوراین ایف سی ایوارڈسے صوبوں کوحقوق دلائے تھے لیکن شریف برادران نے پختونوں اور بلوچوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے لیکن یہ حق ان کے پیٹ سے نکال کر عوام کو دونگا۔ انہوں نے کہا کہ رو رو کر معافی مانگ کر باہر جانے والوں کو غریب عوام کی کوئی فکر نہیں جبکہ میں نے کہا تھا کہ کارکنوں کیساتھ مرنا قبول ہے لیکن زندہ رہ کر کارکنوں کو نہیں چھوڑ سکتا ، ہمار ا جینا اور مرنا غریب عوام کیساتھ ہے ۔
تازہ ترین