• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10ارب کی پیشکش‘مریم نوازنے عمران خان کو جھوٹاقراردیدیا

اسلام آباد(آئی این پی‘جنگ نیوز )وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے عمران خان کی جانب سے 10ارب روپے کی پیشکش کے الزام پر چیئرمین پی ٹی آئی کو جھوٹاقراردیا۔منگل کونوازشریف کی جانب سے پاناماکیس میں چپ رہنے کیلئے 10ارب روپے کی پیشکش سے متعلق عمران خان کے بیان پر مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ عمران خان جھوٹاہے‘ دریں  اثناء وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش سے متعلق عمران خان کے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران نے کیچڑ کی بالٹی بھری ہوئی ہے جووہ کسی پر بھی انڈیل دیتے ہیں ‘ عمران خان کے خلاف ان الزمات پر ہر ممکن قانونی کاروائی کریں گے۔ منگل کوعمران خان کی جانب سے وزیراعظم پرلگائے گئے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کی زمین وزیراعظم کی طرف سے عطیہ کی گئی تھی اگر وزیراعظم یہ زمین نہ دیتے تو اسپتال بھی نہ بن پاتا‘ عمران خان کو دوسروں پر کیچڑ اچھالنے ،جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے کی لت لگ گئی ہے ‘ عمران خان نے بغیر ثبوت کے وزیراعظم پر 10ارب روپے کی آفر کے الزامات لگائے ،انہیں شوکت خانم کی زمین پر سوچنا چاہیے تھا ، الزام تراشی کی عادت ان کی پرانی ہو چکی ہے مگر اس بار انہیں کوئی رعایت نہیں ملے گی وہ ان الزامات پر ثبوت پیش کریں ورنہ ہم ان کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔
تازہ ترین