اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اے پی پی) ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ نیوزلیکس کی رپورٹ کے مندرجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ آج بدھ کو وزیر اعظم کو پیش کر دی جائے گی ،وزیر اعظم کی منظو ر ی سے اسکی سفارشات کو پبلک کر دیا جائے گا۔ منگل کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ نیوز لیکس رپورٹ باضابطہ طور پر منگل کو وزیر داخلہ کو 6 بج کر 45 منٹ پر پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے سے پہلے اس پر تبصرہ کس طرح کیا جا سکتا ہے۔ بد قسمتی سے چند عناصر اس خبر کو اپنا مخصوص زاویہ دینے پر نجانے کیوں مصر ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے استعفی لیے جانے کی خبریں منگل کو بھی تما م دن گشت کر تی رہیں اس حوالے سےیہ دعوی بھی کیا گیا تھا کہ منگل کو وزیر اعظم نے خصوصی طور پر طارق فاطمی کو وزیر اعظم ہائوس طلب کر کے ان سے رضاکارانہ طور پر مستعفی ہونے کیلئے کہا تھا لیکن طارق فاطمی نے اس ضمن میں اپنے تحفظات ظاہر کیے ۔اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق مالدیپ کے وزیر خارجہ جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں ،طے شدہ شیڈول کے مطابق انہوں نے منگل کو وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔وزیر اعظم سے طارق فاطمی کی علیحدگی میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی جبکہ منگل کو بھی طارق فاطمی نے وزارت خارجہ میں اپنے منصبی فرائض انجام دئیے اور وزات خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت بھی کی مذکورہ ذرائع کے مطابق طارق فاطمی واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ ان کا متنازع خبر سے کوئی لینا دینا نہیں ، اس لیے وہ از خود مستعفی نہیں ہوں گے تاہم اگر ان سے استعفی طلب کیا گیا تو وہ وزیر اعظم کے حکم کی تعمیل کرنے کے پاپند ہیں ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی نے گزشتہ روز وزیر اعظم سےالگ سے ملاقات کی۔ملاقات میں نیوز لیکس کی رپو رٹ کے تنا ظر میں صلاح مشورہ کیا گیا۔ ذ رائع نے بتا یا کہ ابھی تک طارق فاطمی کو انکے فرائض سے سبکدوش کرنے کے معاملہ کوحتمی شکل نہیں دی جا سکی۔