• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 ارب کی پیشکش کا بیان، اصل ہدف ادارے تھے،د انیال عزیز

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دس ارب روپے کی پیشکش کے بیان کا اصل ہدف ادارے تھے ، احسان اللہ احسان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلنا چاہئے۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ن لیگ کے ساتھ خرید و فروخت اور ضمیروں کی سوداگری جڑی ہے،احسان اللہ احسان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلا کر قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے کہا کہ دس ارب روپے کی پیشکش کا الزام بہت سنجیدہ ہے بات اگر جھوٹ ہے تو ن لیگ کو عدالت جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں حامد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت، عزت اور ذلت سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کا ایک ترجمان احسان اللہ احسان دہشت گردی کے خونریز واقعات کی ذمہ داری قبول کیا کرتا اور سیاستدانوں و صحافیوں کو دھمکیاں دیا کرتا تھا لیکن اللہ کی قدرت کہ یہ شخص اب اپنے کئے پر نادم ہے۔ حامد میر نے مزید کہا کہ عمران خان نے کل بتایا تھا کہ انہیں نواز شریف کی طرف سے پاناما کیس پر سمجھوتے کیلئے دس ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی، میں نے آج عمران خان سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں، میں نے ان سے تفصیل پوچھی تو عمران خان نے بتایا کہ اس حوالے سے میرے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین دوست سے رابطہ کیا گیا تھا ، حمزہ شہباز شریف کا ایک دوست میرے اس دوست کا دوست ہے اور ان کا دبئی میں رابطہ ہوا تھا، انہیں یہ پیشکش کی گئی تھی کہ آپ عمران خان سے ڈیل کرادیں تو آپ کو دوارب روپے ملیں گے جبکہ ہم عمران خان کو دس ارب روپے دیں گے، میں نے عمران خان سے اس دوست کا نام لینے کیلئے کہا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ بزنس مین ہے اگر میں نے اس کا نام لیا تو یہ اس کا بزنس تباہ و برباد کردیں گے لیکن میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کے دس ارب روپے کی پیشکش کے بیان کا اصل ہدف ادارے تھے، عمران خان کے اس بیان میں ایک جڑواں شق یہ بھی تھی کہ پتا نہیں انہوں نے الیکشن کمیشن اور باقی اداروں کو کتنے پیسے دیئے، کیا اس کا مطلب ہے کہ الیکشن کمیشن بکاؤ مال ہے، عمران خان کیخلاف اپنا قانونی حق قائم رکھتے ہیں، عمران خان اداروں پر دباؤ لانے کی جو باتیں کررہے ہیں وہ زبان ہم نے پہلے بھی سنی ہوئی ہے، دھرنوں کے دوران بھی ان کی یہی زبان ہوتی تھی، عمران خان اس وقت بھی ایک عینی شاہد افضل خان لائے تھے کہ یہ الیکشن کمیشن میں جوائنٹ سیکرٹری تھا اور اس کی آنکھوں دیکھا حال ہے کہ یہ آر او ز کا الیکشن بنایا گیا تھا،وہ بیچارہ آج تک اسلام آباد کی کچہریوں میں معافیاں مانگتا پھر رہا ہے، لوگوں کو پینتیس پنکچر ، پپونیازی اور گھوڑا اسپتال اب تک یاد ہے، عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ گھوڑا اسپتال کے پیچھے پرنٹنگ پریس سے ن لیگ نے بیلٹ پیپرز چھپوائے ہیں مگر ان کے تمام الزامات جھوٹ ثابت ہوئے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو پھر گالی دی ہے، الیکشن کمیشن نے پہلے ہی عمران خان کو توہین کا نوٹس دیا ہوا ہے، ان کا وکیل الیکشن کمیشن میں معافی مانگ چکا ہے جسے یہ نہیں مانتے ہیں، پرسوں الیکشن کمیشن کے سامنے فواد چوہدری اور نعیم الحق بیٹھے تھے اور ان کے وکیل منصور خان باقاعدہ کانپ رہے تھے ، اس وقت انہوں نے موقع مانگا اور اس کا یہ جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سابق آئی ایس آئی چیف اسد درانی نے جرمنی سے حلفیہ بیان دیا تھا جہاں وہ پیپلز پارٹی کے سفیر تعینات تھے، مگر بعد میں انہوں نے کہا کہ میری یادداشت کمزور تھی مجھے پتا بھی نہیں ہے، اس کے بعد مرکزی گواہ نے انکار کردیا، وزیراعظم نے ایف آئی اے کو بیان بھی دیا ہے جو درکار تھا،عمران خان کو الیکشن کمیشن کے ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ آپ غلیظ، غیرمہذب اور آئینی اداروں کی تذلیل کرنے والے ہیں۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلنا چاہئے، احسان اللہ احسان کی حالیہ گواہی کے علاوہ بھی وہ وقتاً فوقتاً دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتا رہا ہے، احسان اللہ احسان کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے، عمران خان طالبان کے سب سے بڑے سپورٹر رہے ہیں، یہ تو پاکستان میں طالبان کے دفاتر کھلواتے پھر رہے تھے، سانحہ اے پی ایس کے بعد عمران خان وہاں گئے تو لوگوں نے ان کے کپڑے پھاڑے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کی رپورٹ میں پنجاب کو سراہا گیا ہے، مراد سعید اپنی رام کہانی پینتیس پنکچر والے کو جاکر سنائیں، وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردی کیخلاف موثر کاررو ائیاں کیں، عمران خان نے پاک فوج کیخلاف بات کی کہ انہیں آپریشن نہیں کرنا چاہئے، عمران خان اب اداروں کے پیچھے پڑگئے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن پر پیسے پکڑنے کا الزام لگایا ہے، عمران خان کا اصلی چہرہ قوم کو میں نے دکھانا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگ کے ساتھ خرید و فروخت اور ضمیروں کی سوداگری جڑی ہوئی ہے، نواز شریف دو طرح کی سیاست کرتے ہیں، وہ جب حکومت میں نہیں ہوتے تو حکومت میں آنے کیلئے پیسے لیتے ہیں، جب حکومت میں آتے ہیں تو کرپشن کر کے وہ پیسہ لگاتے ہیں۔
تازہ ترین