• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ترقی کے لیے ضروری تمام وسائل موجود ہیں،سفیر اٹلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اٹلی کے سفیرمسٹر اسٹیفنو پونٹی کاروو نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کے لیے ضروری تمام وسائل موجود ہیں اور وہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اٹلی یہاں سرمایہ کاری کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔ انہیں یقین ہے کہ اگلے 10سے 15سالوں میں پاکستان جی 20 کا ممبر بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں جاری ایگا ٹیکس پاکستان 10ویں عالمی ٹیکسٹائل نمائش میں منعقدہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں اٹلی کی ٹیکنالوجی و ایجادات کے موضوع پر ٹیکنیکل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اٹلی کے قونصل جنرل گیان لوکا روباگوٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اٹلی کے ایمبیسیڈر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اٹلی کی تجارت ایک سال میں دوگنی ہوگئی ہے۔ یہاں اٹلی کی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے۔ ایگا ٹیکس نمائش نے ہمیں یہاں دوبارہ متوجہ کر لیا ہے۔ اپنے فیشن ڈیزائنرز کو بھی جلد یہاں لائیں گے۔اس سے قبل اپنے خطاب میں سی ای او فیکٹ ایگزیبیشنز محمد سلیم خان تنولی نے سیمینار میں بتایا کہ ایگاٹیکس نمائش میں سب سے زیادہ اٹلی کی 73کمپنیاں شریک ہیں۔ یہ ایونٹ دنیا بھر کے ممالک خصوصا اٹلی کو بہترین موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی جدید ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دے جو اس سیکٹر کو بھی مزید ترقی دے گا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر ٹیکسٹائل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر میںوسعت کی بہت گنجائش ہے۔ وہ یونیورسٹیز اور کالجز کے ساتھ مل کر اسے مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہرایجادات کا حب ہے، مل کر اسے پاکستان کا میلانو بنانا ہے۔ دریں اثنا ایکسپو سینٹر میں جاری چار روزہ 10ویں عالمی ٹیکسٹائل مشینری اور گارمنٹ ٹیکنالوجی نمائش ، ایگاٹیکس پاکستان کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش کے شرکاء نے اگلے سال بھی اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کر دیا۔ درجنوں کاروباری سودے ہو گئے۔
تازہ ترین