• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہراب گوٹھ و اطراف سے تجاوزات ختم اور سروس روڈ تعمیر ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ اور اطراف کے علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے دونوں اطراف سروس روڈ تعمیر کئے جائیں گے، زمین تجاوزات سے پاک کرکے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کی جائے گی تاکہ الآصف اسکوائر سے بکرا منڈی پل تک سڑک تعمیر کی جاسکے۔ وہ قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے مواصلات کو بریفنگ دے رہے تھے جس نے کمیٹی کے چیئرمین مزمل قریشی کی سربراہی میںہفتے کو یہاں کے ایم سی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور میئر کراچی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں ممبران اسٹینڈنگ کمیٹی، ایف ڈبلیو او کے لیفٹیننٹ کرنل احمد، جنرل منیجر ایم نائن، این ایچ اے طفیل شیخ، پراوجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے جاوید حسین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ میئر کراچی نے کہا کہ سہراب گوٹھ کراچی کا گیٹ وے ہے، اس علاقے کی ترقی اور بحالی سے اندرون ملک سے کراچی آنے والوں پر ایک اچھا تاثر قائم ہوگا، کراچی حیدرآباد موٹر وے بننے کے بعد بکرا منڈی سے سہراب گوٹھ تک ہر قسم کی تجاوزات ہٹاکر سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ شجر کاری بھی ضروری ہے۔
تازہ ترین