• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم خریداری مہم کا آج آغاز،کروڑ میں آڑھت سےسرکاری باردانہ برآمد

ملتان(سٹاف رپورٹر،نمائندگان) پنجاب بھر میں محکمہ خوراک آج 30اپریل سے گندم خریداری مہم کا آغازکرے گا، اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،کسانوں کو ایک دن چھوڑ کرباردانہ جاری کیا جائے گا ، ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مانیٹرنگ کمیٹیوں کی نگرانی میں گندم خریدکی جائے گی ،اس حوالے سے30فیصد باردانہ کسانوں کوجاری کردیا گیا ہے، یہ عمل25مئی 2017ء تک جاری رہنے کاامکان ظاہر کیا گیا ہے ، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے بدھلہ سنت، مخدوم رشید اور شجاع آباد گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ ادھر ایگری فورم پاکستان کے وائس چیرمین رائو افسر نے کہا ہے کہ گو سلو پالیسی سے گندم کے نرخوں کا بحران پیدا ہوگیاہے، اس وقت 75فیصد گندم کسانوں نے آڑھتیوں اور بیوپاریوں کو اونے پونے فروخت کردی ہے ،باقی ماندہ 25فیصد گندم کھیتوں میں پڑی ضائع ہورہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری گندم خریدی جائے۔کروڑلعل عیسن میں نائب تحصیلدار بشیر حسین نے پولیس کے ہمراہ بھٹی نگر کے قریب چک نمبر115میں آڑھت پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں سرکاری باردانہ برآمد کر لیا، بشیر حسین آڑھتی کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔میاں چنوں کے گندم خریداری مراکز چک نمبر135سولہ ایل ،موسیٰ ورک ،92پندرہ ایل ،44پندرہ ایل تلمبہ میں آڑھتیوں اور بیوپاریوں نے مبینہ طور پرباردانہ حاصل کرنا شروع کر رکھا ہے ، گزشتہ روز ایم پی اے محمد ارشد نے گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا اس موقع پر کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میاں چنوں کے پاسکو سنٹروں پر صرف بیوپاریوں اور آڑھتیوں کو نوازا جا رہا ہے ۔فاضل پور سے نامہ نگار کے مطابق سیکرٹری فوڈ پنجاب شوکت علی نے ضلع راجن پور کے گندم خرید مراکز کا اچانک دورہ کیا ،سیکرٹری فوڈ پنجاب نے ریکارڈ کو چیک کیا اور باردانہ کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ،باردانے کی تقسیم میرٹ اورشفاف ہونی چاہئے۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نےخانیوال میں ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں سے آخری دانے  کی خریداری تک گندم خریداری مہم جاری رہیگی،اس موقع پر ایم پی اے چوہدری فضل الرحمان ‘ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو منطور خان ودیگر سرکاری افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان بھی موجو دتھے ۔سیت پور سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر علی پور عمران شمس نے کسانوں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،گندم خریداری میں بے ضابطگیاں ہر گز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ 
تازہ ترین