• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی این پی کے رہنمائوں کا پیرامیڈیکس کے احتجاجی کیمپ کا دورہ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماسردارعمران بنگلزئی،ضلعی نائب صدر میر غلام رسول مینگل ،لیبرسیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ،حاجی محمد ابراہیم پرکانی ،سابق رکن قومی اسمبلی ناصرعلی شاہ ہزارہ اور حاجی عبدالباسط لہڑی نے گزشتہ روز پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے احتجاجی کیمپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وقت فوری طور پر پیرامیڈیکس کے چارٹر آف ڈیمانڈکو تسلیم کرتے ہوئے ملازمین کوشدید احتجاج پرمجبور نہ کرے انکے جو مطالبات ہیں وہ جائز اور برحق ہیں لیکن حکمران جان بوجھ کر ملازمین کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے مسائل اور مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ملازمین سراپا احتجاج ہیں اور گزشتہ کئی دنوں سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے آکر سریاب کسٹم میں احتجاجی دھرنا دیئے ہوئے ہیں ہونا تو یہ چاہئے تھاکہ ملازمین کے مسائل کوحل کرتے ہوئے حکمران محنت کشوں کے ساتھ نا انصافیوں کا ازالہ کرتے لیکن ایسامحسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں کویہاں کے غریب عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔ بی این پی ہر فورم پر یہاں کے عوام ،ملازمین اورہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ نا انصافیوں پر آواز بلند کرتے ہوئے کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کریگی ۔
تازہ ترین