• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوٹیفکیشن سے بے خبر وزیرداخلہ ڈھیٹ نہیں تو استعفیٰ دیدیں، خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کا معاملہ انتہائی اہم ہے، نوٹیفکیشن سے بے خبر وزیرداخلہ ڈھیٹ نہیں تو استعفیٰ دیدیں، نوازشریف کرکٹ چھوڑنے کے بعد سیاست بھی چھوڑ دیں گے، وزیراعظم بتائیں جندال سے ملاقات میں کیا بات ہوئی، دوسروں کو مشورہ دینے سے پہلے مریم کو کچن میں بھجیں، میاں صاحب آپ جب مشکل میں تھے ساتھی بھی چھپ گئے تو ایک خاتون کلثوم نواز نے آپ کی لڑائی لڑی،  قبل از وقت الیکشن نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں وقت پر الیکشن ہوں اور نوا ز شریف اور چوہدری نثار سے عوام کی جان چھوٹے۔وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت اور اپنے حلقہ انتخاب صالح پٹ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کے ذریعے رپورٹ کو مسترد کیا، میں بھی بطور اپوزیشن لیڈر ڈان لیکس رپورٹ کو رد کرتا ہوں اس رپورٹ پر کوئی متفقہ فیصلہ نہیں آرہا ہے، یہ بہت حساس مسئلہ ہے اور یہ بات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی تھی ، اس بات کو آؤٹ کروایا گیا جس کا فوج اور عوام نے نوٹس لیا، بہت سے لوگوں کو بچانے کے لیئے متفقہ فیصلہ کیا جارہا ہے جب کمیشن کا سربراہ بنا تب ہی لوگوں نے کہہ دیا تھا کہ اس کمیشن کا کچھ نہیں بنے گا، اگر رپورٹ شائع نہیں کرائی گئی تو وزیر اعظم ہاؤس میں کس رپورٹ پر ایکشن لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اگر کہتے ہیں کہ خواتین کو سیاست میں نہیں آنا چاہیے اور گھر میں بیٹھ کر کھانا پکانا چاہیے تو میں میاں نواز شریف کو بتانا چاہتا ہوں کہ میاں صاحب جب آپ مشکل میں تھے ، آپ جیل میں تھے اور آپ کے ساتھی چھپ گئے تھے تو اس وقت ایک خاتون بیگم کلثوم نواز نے تحریک چلائی تھی، دوسری خواتین کو گھر بیٹھنے کا مشورہ دینے سے پہلے وزیر اعظم اپنے بیٹی مریم نواز کو گھر بھیجیں اور انہیں کچن میں بٹھائیں، پھر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانا ما لیکس سے اب تک حکمران جھوٹ سے کام لے رہے ہیں، پاناما اسکینڈل کے بعد ن لیگ کو کرپشن پر بات کرتے ہوئے پر شرم آنی چاہیے،سب لوگ میاں نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے، اگر وہ استعفیٰ نہیں دے رہے تو میں کہتا ہوں کہ وہ ڈھیٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹروے بنانے کی باتیں کی جاتی ہے لیکن موٹروے کہاں بن رہے ہیں سب کو پتہ ہے، سندھ میں سپر ہائی وے کو موٹروے کا نام دے کر فیڈریشن سے مذاق کیا گیا،وفاقی حکومت فیڈریشن کو کمزور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کا بد ترین بحران ہے، ہمارے وقت میں 4500 میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال تھا اور آج 12,12 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قرضے پر قرضے لے رہے ہیں ، 2013 میں پاکستان 14 ہزار ارب کا مقروض تھا اب 22ہزار ارب کا مقروض ہے۔سید خورشید شاہ نے اپنے حلقہ انتخاب صالح پٹ میں اپنی 66ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر جلسہ عام کے موقع پر اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ 
تازہ ترین