• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مصرف ترین عمارت میں آگ، لاکھوں مالیت کا سامان جل گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع صائمہ ٹاور کی 16ویں منزل پر آتشزدگی ،12گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ،آگ لگنے سے 4منزلوں پر قائم تمام دفاتر میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور قیمتی ریکارڈ جل گیا ، فائر بریگیڈ آفیسر کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کے عملے نے عمارت میں پھنسے 6افراد کو باحفاظت باہر نکال لیا۔ جبکہ میئرکراچی نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مصروف ترین علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع صائمہ ٹاور کی 16ویں منزل پر قائم دفاتر میں ہفتے کی علی الصبح تقریبا 5بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 4گاڑیاں اور ایک اسنارکل موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم اسنارکل صرف 13منزل تک ہی پہنچ سکی اور آگ کو بجھانا ناممکن ہو گیا جس کی وجہ سے آگ نے مزید پھیلنا شروع کردیا اور 16ویں منزل کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ،صورتحال کو دیکھتے ہو ئے فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرا درجہ قرار دیتے ہو ئے شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کر لیے جس کے بعد 12فائر ٹینڈر 2باوزر ایک ریسکیو اور ایک اسنارکل موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم ایک بار پھر فائر بریگیڈ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آگ نے 17ویں منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ،ہفتے کی صبح 7بجے آگ کے شعلے عمارت سے نکل کر آسمان سے باتیں کرنے لگے اسی دوران چند افراد کو چھت پر دیکھا گیا جو کہ آگ کی وجہ سے نیچے نہیں آپارہے تھے تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے اپنی جان پر کھیل کر چھت پر پھنسے 6افراد کو باحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا ،آگ پر قابو پانے میں مشکلات کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئےور آپریشن کی نگرانی شروع کردی ،ان کی ہدایت پر فائر بریگیڈ کے عملے نے 13منزل تک پہنچی اسنارکل سے پانی کے پائپ جوڑ کر اس کو اوپر تک پہنچا نا شروع کردیا تاہم پریشر کی کمی اور پائپ کے جگہ جگہ سے لیک ہو نے کی وجہ سے آگ پر قابو پانا مزید مشکل ہو گیا اور آگ نے 16سے 19منزل تک پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،فائر بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ آگ معمولی نوعیت کی تھی تاہم سامان اور اسنارکل کی عدم دستیابی کے باعث آگ بے قابو ہو کر مزید اوپر تک پھیل گئی ،انہوں نے مزید کہا کہ آگ پر 12گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد بالاخر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل شروع کردیا ہے ۔
تازہ ترین