• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوز لیکس کی مکمل انکوائری رپورٹ جاری کی جائے، عمران خان

کراچی، اسلام آباد، لاہور (اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیوز لیکس پاک فوج کو دانستہ طور پر بدنام کرنے کی کوشش تھی، حکومت سے ڈان لیکس کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کا معاملہ پورا سچ سامنے آنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں مولا بخش چانڈیو، سعید غنی نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کا مقصد کچھ لوگوں کو بچانا اور کچھ کو چھپانا جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ متازع خبرکے پیچھے کوئی اور نہیں وزیر اعظم خود ہیں،وزیر اعظم بے قصورہوتے تو رپورٹ آنے میں اتنی تاخیر ہوتی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ اگلے 100 دن نواز شریف کیلئے اہم ہے ،ممکن ہے 90 دن سے پہلے جے آئی ٹی ان کو ہٹا دے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نیوز لیکس پاک فوج کو دانستہ طور پر بدنام کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ڈان لیکس کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ عام کرے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایک بیان میں کہاکہ ساری دنیا میں چرچا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو ملزم قرار دیا ہے، نواز شریف استعفا دیں تاکہ شفاف تحقیقات ہو سکیں ۔انہوں نےکہا کہ ڈان لیکس پر حکومتی سفارشات کو مسترد کرتے ہیں،جب تک احتساب اوپر سے شرو ع نہیں ہوگا اس وقت تک کوئی بھی معاملہ درست نہیں ہوگا۔امیر جماعت اسلامی کا مزید کہناتھاکہ قومی سلامتی کے اہم مسئلہ پر کمزور لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے نزدیک ملک کے قومی سلامتی کے معاملات کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ ڈان لیکس کے معاملے میں کچھ لوگوں کو بچانا اور کچھ کو چھپانا جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے ۔یہ لوگ اپنے مفادات کے خاطر کسی بھی قومی ادارے کو متنازع بنانے سے گریز نہیں کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے نزدیک ملکی قومی سلامتی کے معاملات اہمیت نہیں رکھتے ہیں ۔انہوںنے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کی خاطر قومی معاملات کو اہمیت نہیں ہے ۔نواز لیگ کی سیاست ان کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے ۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے نیوز لیکس پر حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے میں ملوث مریم نواز اور پرویز رشید کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ ہفتے کو ایک نجی ٹی وی پر اپنے گفتگو میں کیا،فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز وزیراعظم ہاؤس کا میڈیا سیل چلاتی ہیں، وہ اور اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید قومی سلامتی کے منافی خبر شائع کرنے میں ملوث ہیں، دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے اصل کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے نواز شریف کو ہٹانے کے لئے دھرنے سمیت ہر حربہ آزما لیا لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ اب آسمانی بجلی ہی نواز شریف کو ہٹا سکتی ہے۔ اگلے 100 دن نواز شریف کے لئے اہم ہیں۔ ممکن ہے کہ 90 دن سے پہلے ہی جے آئی ٹی نواز شریف کو ہٹا دے۔ ہفتے کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف ملک کے بادشاہ بننا چاہتے ہیں۔ نواز شریف کے لئے اگلے 100 دن اہم ہیں۔ مردم شماری تو فوج کر ہی رہی ہے، فوج الیکشن شماری بھی شروع کر دے،تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی چاہیے۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ نیوز لیکس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی چالاکی نہیں چلے گی ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم پہلے سے ہی رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے کیونکہ حکومت اگر اس طرح کی چیزیں چھپائیگی اور اپنے لوگوں کو بچانے کی کوشش کریگی تو معاملات ٹھیک نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کو پبلک کیاجائے اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے ، جن چیزوں پر اتفاق ہو رہا تھاو ہ لوگوں کو بتائی جائیں ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں‘ حکومت نیوز لیکس سے متعلق اصل حقائق سامنے لائے اور بتایا جائے کہ حقیقی ذمہ دار کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے اجلاس میں بیٹھے افراد میں سے کس نے خبر لیک کی اور اس کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔
تازہ ترین