• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں قواعد و ضوابط بالائے طاق ،بلند عمارتوں کی تعمیرجاری

کراچی (اعجاز احمد/اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں قوائد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غیرمنظم اور بے ہنگم طریقے سے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر مسلسل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ان عمارتوں میں آگ بجھانے والے آلات نصب کئے جارہے ہیں نہ ہی ہنگامی اخراج کا انتظام کیا جارہا ہے اور نہ ہی کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دیگر ضروری انتظامات ان عمارتوں میں نظر آتے ہیں ۔ شہر میں ہونے والی ایسی تعمیرات کو قانون کے دائرے میں لانے کے لئے کوئی حکومتی ادارہ تیار بھی نہیں نظر آرہا۔شہر میں ہونے والی تعمیرات کو قانون کے دائرے میں رکھنے کے ضمن میں پہلے کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قائم کی گئی تھی جسے اب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کا نام دے دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ شہر میں ہونے والی تمام رہائشی و کمرشل تعمیرات کے لئے این او سی کے ساتھ ساتھ کمپلیشن سرٹیفیکیٹ بھی جاری کرتا ہے، مگر شہر میں ہونے والی تعمیرات کے دوران ایس بی سی اے کے قوائد و ضوابط پر عملدرآمد نہیں نظر آتا اور بناء منصوبہ بندی غیر قانونی تعمیرات مسلسل جاری ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر کے مطابق ایس بی سی اے نے گزشتہ دنوں 130؍ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے لئے اجازت دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کےبعض علاقوں میں تو 90؍ اور 120؍ گز کے رہائشی پلاٹس پر چھ چھ منزلہ عمارتیں تعمیر کردی گئی ہیں، جن کی تعمیر میں قوائد و ضوابط کا کوئی خیال رکھا گیا ہے نہ ان عمارتوں میں کوئی ایسی سہولت موجود ہےکہ کسی ایمرجنسی خصوصاً آگ لگنے کی صورت میں متاثرہ عمارت میں بروقت امدادی کارروائی کی جاسکے۔
تازہ ترین