• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اگر نیت صاف، دل ودماغ ’’مَیں‘‘ سے پاک اور کوئی ذاتی مفاد نہ ہو تو پھر ناممکن بھی ممکن ہو جائے۔
جب ایک نسبتاً گرم دن کے بعد آئی شام، رات میں ڈھل کرخنکی کی چادر اُوڑھ چکی، جب چائے، کافی اور قہوے کے دور چل چکے، جب وہ اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زیدالنہیان سے ا پنی اُس ملاقات کابتا چکے کہ جو تھی تو آدھے گھنٹے کی اور جو شروع ہوئی انتہائی Tenseماحول میں مگرجاری رہی ڈھائی گھنٹے تک اور جس کا اختتام ہوا پرجوش معانقوں اورمحبت بھرے اندا زمیں، جب وہ دبئی کے حکمران شیخ محمد سے ہوئی اپنی ایک بہت ہی سود مند ملاقات کا حال سنا چکے، جب چینی قیادت سے ہوئی انکی ملاقاتوں پر گفتگو ہو چکی، جب قطر کے امیر کے گھر ایک کھلے ڈھلے ماحول میں ہوئی ایک لمبی نشست پر بات ہوچکی، جب انکا برطانوی دورہ بھی ڈسکس ہو چکا اور جب کلبھوشن سے احسان اللہ احسان تک ہر موضوع زیرِبحث آچکا، تب مجھ سے رہا نہ گیا اور میں نے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے وہ سوال پوچھ ہی لیا جو میں ہر بار پوچھنا بھول جاتا تھا ’’بحیثیت آرمی چیف سعودی عرب کے پہلے ہی دورے میں آپ کو خانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت ہوئی، یہ کیسے ہو گیا ‘‘ میرے اس سوال پر اک عجیب سے اطمینان بھرے انداز میں صوفے سے ٹیک لگا کر چند لمحوں کی خاموشی کے بعد وہ بولے ’ ’ سچی بات تو یہ کہ جس کا گھر، اسی کا کرم اور اسی کا بلاوا، ورنہ یہ پہلے سے طے نہیں تھا، دراصل ہوا یوں کہ ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور نائب ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقاتوں کے بعد جب مدینہ آکر میں روضہ رسول ؐ پر سلام اور مسجد نبوی ﷺمیں نفل پڑھ کر فارغ ہوا تو سعودی باد شاہ کے پروٹوکول سربراہ جو پہلے میرےا سٹاف کو آگاہ کر چکا تھا، اس نے پھر ٹیلی فون پر مجھے بھی بتایاکہ’’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خواہش پر عمرے کے بعد آپ کیلئے خصوصی طو ر پر کعبہ کا دروازہ کھولا جائے گا‘‘، یہ سنتے ہی میں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور شکر ادا کرتے ہوئے میری آنکھیں بھیگ گئیں۔ خیر مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ کرنے، شاہی مہمان خانے میں آکر احرام اتارنے، تھوڑی دیر آرام کرنے اور پھر عشاء کی نماز پڑھنے کے بعد سعودی شاہی فورس کا خصوصی دستہ ہمیں خانہ کعبہ کے دروازے تک لایا، جہاں سے میں اپنے وفد سمیت اللہ کے گھر کے اندرگیا ‘‘۔
سر باجوہ جونہی بات کرتے کرتے رُکے تو میں نے اگلا سوال کر دیا ’’کعبتہ اللہ میں جانے کیلئے جب آپ سیڑھیاں چڑھ رہے تھے، تب کیا احساسات تھے ‘‘، وہ قہو ے کا کپ اُٹھاتے ہوئے بولے ’’ بس بار بار اپنے گناہ گار ہونے اور اللہ کے گھر کے تقدس اور جاہ وجلال کا احساس ہو رہا تھا ‘‘ سر باجوہ نے رُ ک کر جیسے ہی قہوے کا گھونٹ بھرا تو میں نے ایک اور سوال کیا ’’خانہ کعبہ میں داخل ہو نے کے بعد کیا Feelingsتھیں ‘‘لمحہ بھر کے توقف کے بعد وہ بولے ’’وہ Feelingsلفظوں میں بیان نہیں کی جا سکتیں، وہاں پہنچ کر بھلا کسے ہوش رہتا ہے، یوں لگتا ہے کہ جیسے بندہ کسی اور ہی دنیا اور کسی اور ہی جہان میں پہنچ گیا ہو، وہاں جونہی یہ خیال آتا ہے کہ میں کہاں ہوں تو دماغ کام کرنا چھوڑ دیتاہے ‘‘ اُنہوں نے بات مکمل کی تومیرا اگلا سوال تیار تھا ’’اللہ کے گھر میں داخل ہوتے وقت یا داخل ہو کر پہلی نظر پڑتے ہی کیا دیکھا اور اندر جا کر پہلا کام کیاکیِا ‘‘، اندر داخل ہوتے ہی میں نے دیکھا کہ کعبۃ اللہ کے ستونوں کے درمیان رسی پر بہت سارے برتن لٹکے ہوئے ہیں، یہ غالباً حضور ؐ کے دور یا اس سے بھی پہلے کے ہیں، باقی اندر جا کرمیں جیسے ہی نفل پڑھنے کیلئے ایک جگہ کھڑا ہواتو سعودی شاہی گائیڈ مجھے ’’رکن یمنی ‘‘والی دیوار کے ساتھ ایک جگہ لے جا کر بولا ’’آپ یہاں نفل پڑھیں کیونکہ یہ مصلّیٰ رسولؐ ہے، حضورؐ یہاں نفل پڑھا کرتے تھے‘‘، میں نے پہلے وہاں نفل پڑھے پھر کعبۃ اللہ میں گھوم کر چاروں طرف نفل پڑھے اور پھر جب میں دعا مانگنے میں مصروف تھا تو اللہ کا مجھ پر ایک اور کرم ہوا کہ میرے لیئے کعبۃ اللہ کے اندر موجود’’ توبہ کا دروازہ‘‘ بھی کھول دیا گیا اور میں نے باقی دعائیں وہاں جا کر کیں، بات ختم کرکے غیر محسوس طریقے سے ٹشو سے اپنی آنکھوں کی نمی صاف کرتے سر باجوہ سے جب میں نے یہ پوچھا کہ ’’کوئی ایسی دعا جو آپ نے وہاں بار بار مانگی ہو‘‘توان کا جواب تھا ’’ویسے تو میں نے پاک فوج، اپنے شہداء، والدین، بچوں، رشتہ داروں اور دوست احباب کیلئے بھی بہت دعائیں کیں مگر خانہ کعبہ کے اندر میرے دل ودماغ پر پاکستان چھایا ہوا تھا، وہاں میں نے سب سے زیادہ دعائیں پاکستان کیلئے کیں اور مجھے اچھی طرح یاد کہ دعامانگتے مانگتے جب میں یہاں پہنچا کہ ’’اے پاک پروردگار پُر امن اور مستحکم پاکستان کیلئے پاک فوج کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہ جانے دینا ‘‘تو میری جو کیفیت ہوئی وہ بیان سے باہر ہے، یہاں میں یہ بھی ضرور بتانا چاہوں گا کہ ان لمحوں میں جب اندر میں اپنے ملک کیلئے دعائیں کر رہا تھا تو باہر کعبہ کا صحن نعرہ تکبیر، اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونج رہا تھا، میں عمر بھر یہ روح پرو رلمحے نہیں بھلا سکتا، اِدھر سرباجوہ خاموش ہوئے اور اُدھر غیر ارادی طورپر جب میری نظر ان کے چہرے پر پڑی تو انکی آنکھیں پھر سے بھیگ چکی تھیں۔
صاحبو !اُس رات نجانے کتنے موضوعات پر بات کر کے واپس آتے ہوئے بار بار میرے ذہن میں یہ خیال آرہا تھا کہ یہ نصیب نصیب کی بات کہ جو سعادت پچھلے دونوں چیفس کے حصے میں نہ آئی، وہ سعادت آتے ہی سرباجوہ کو حاصل ہوگئی، میں یہ بھی سوچ رہا تھا کہ بھلا کل تک کس کے وہم وگمان میں تھا کہ وہ کام جو پچھلے چیفس 9سالوں میں نہ کرسکے، وہ جنرل قمر جاوید باجوہ صرف5مہینوں میں کر لیں گے، کیا کوئی سوچ سکتا تھا کہ صرف 150دنوں میں اگر ایک طرف پنجاب میں رینجرز آپریشن شروع ہو جائے گا تو دوسری طرف 9سالوں سے التوا میں پڑی مردم شماری کا آغاز ہوجائے گا، اگر ایک طرف کلبھوشن کو پھانسی کی سزاسنا دی جائے گی تو دوسری طرف عزیر بلوچ کا کیس فوجی عدالت میں آجائے گا اوراگر ایک طرف اندرونی محاذ پر آپریشن ردالفساد لانچ ہوجا ئے گا تو دوسری طرف بیرونی محاذ پر افغان بارڈ مینجمنٹ پر عملی اقدامات سے لیکر دہشت گردوں کیخلاف افغانستان کے اندر 100کلو میٹر تک کارروائی اور ہر محاذ پر بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب بھی ملے گا اور پھر یہ کیا آسان کام ہے کہ صرف 5مہینوں میں آرمی چیف کا نہ صرف اگلے مورچوں اور محاذوں پر لڑتے جوانوں سے دو تین بار ملنے پہنچ جانا، نہ صرف 150دنوں میں ان کا پاکستان کا مقدمہ لے کر سعودی عرب، یو اے ای، چین، قطر اور برطانیہ سے بھی ہو آنا اور نہ صرف فاٹا میں جاری ترقیاتی کاموں سے لیکر سی پیک اور گوادر کی نگرانی کرنا بلکہ ریکوڈک کے معاملے سے لیکر پاک کی فوج کی جدید خطوط پر تربیت تک سب کچھ کر جانا، یہی نہیں، آگے بھی سنتے جایئے، گو کہ چھٹی والے دن بھی رات 3تین بجے تک کام کرتے اور پاکستان میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنے کے خواہش مند جنرل باجوہ ان موضوعات پر نہیں بولتے مگر اب یہ سب کو معلوم ہو چکا کہ جنرل راحیل شریف کو زمین کے مسئلے سے نکالنے اور ان کے مسلم افواج کے کمانڈر بننے کے ڈی ٹریک ہو چکے معاملے کو پھر سے ٹریک پر لانے کا کریڈٹ بھی سر باجوہ کو ہی جائے اور پھر ہر قسم کی ٹوئٹ بازی اور کریڈٹ بازی کے چکروں سے دور بڑی خاموشی سے مختلف محاذوں پر بیک وقت ہوش او رجوش سے کام کرتے جنرل قمر باجوہ کی ملک سے محبت کا اندازہ لگائیے کہ جب امیرِ قطر انہیں کہتے ہیں کہ ’’برادر بتایئے میں آپ کیلئے کیا کر سکتاہوں ‘‘ تو ایک لمحہ ضائع کئے بغیر وہ امیرِ قطر سے کہہ دیتے ہیں کہ ’’جتنا زیادہ ہو سکے میرے ملک کے بے روزگاروں کو قطر میں روزگار دیں ‘‘ اور جو گارڈ آف آنر کے بعد سڑک کے کنارے چلتے ہوئے برطانوی فوج کے چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ دیں کہ ’’وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے حالات بھی ایسے ہو ں گے کہ میں بھی آپکو اسی طرح وہاں سیکورٹی کے بنا آزادانہ گُھما پھرا سکوں گا‘‘۔ صاحبو! میں تو جب بھی گھکھڑ منڈی سے کعبہ شریف میں توبہ کے دروازے تک حیرت انگیز کامیابیوں بھرایہ سفر دیکھتا ہوں تو اللہ کے فضل کے بعد مجھے جو بات سمجھ آتی ہے وہ یہی کہ اگر نیت صاف، دل ودماغ ’’مَیں‘‘ سے پاک اور ذاتی ایجنڈا نہ ہوتو پھر ناممکن بھی ممکن ہو جائے۔



.
تازہ ترین