• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔ میرا بیٹا اور میں ٹورنٹو، کینیڈا میں رہتے ہیں، میں نے اخبار میں پڑھا ہے کہ آپ طالب علموں کو ان کے کیریئر اور مستقبل کے حوالے سے نہایت مفید مشورے دیتے ہیں، میں اپنے بیٹے کیلئے پوچھنا چاہتا ہوں جو ستمبر 2017ء میں بیچلرز مکمل کرنے جا رہا ہے اور اس کی اسپیشلائزیشن میں نفسیات اور نیوز میڈیا شامل ہیں، مجھے بتائیں کہ اس کیلئے کونسی فیلڈ میں کیریئر بنانا بہتر ہے؟ ( یوسف رضا۔کینیڈا)
ج۔ آپ کے بیٹے کیلئے واضح کیریئر کا راستہ میڈیا انڈسٹری میں ہے، اس انڈسٹری کے ماہر لوگوں کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے وہ اپنے بیچلرز کو ایم ایس سی میڈیا کے ساتھ ٹاپ اَپ کر سکتا ہے اور میڈیا میں وہ کسی بھی بہترین اسپیشلائزیشن کا انتخاب کر سکتا ہے جن میں ڈیجیٹل ترمیم، سائونڈ اور ویثرن یا ڈاکومینٹری قابلِ ذکر ہیں اور آپ کے بیٹے کا نفسیات کے شعبے سے تعلق اور پسِ منظر اس کی روزمرَہ کی زندگی میں نفسیاتی پہلوئوں سے متعلق مسائل اور ان کے حل میں مدد کرے گا جو وہ ایک میڈیا فورم پر ظاہر کر سکتا ہے۔
س۔ میں بی بی اے (آنرز) کر رہا ہوں میرا ابھی تک کا سی جی پی اے 3.4%ہے اور میرے باقی دو سمیسٹرز باقی رہ گئے ہیں، میں اپنے میجرز کے انتخاب میں تھوڑا اُلجھن کا شکار ہوں، فنانس اور میتھ میٹکس میں میرے اچھے گریڈز ہیں، اور مارکیٹنگ کے مضمون میں بھی میری کارکردگی اچھی ہے، مجھے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے میں خاص طور پر بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں لیکن آپ میری رہنمائی کریں کہ میں کس کورس/ڈگری کا انتخاب کروں؟ (محمد اویس۔لاہور)
ج۔آپ بالکل صحیح سمت میں جا رہے ہیں، اگر آپ فنانس اور میتھس کی فیلڈ اور اعداد میں اچھے ہیں تو آپ کو اِسی فیلڈ میں رہنا چاہئے، اور میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ اچھا سی جی پی اے حاصل کرنے کی کوشش کریں اور اگر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو میں ایک سالہ ماسٹرز کیلئے برطانیہ یا یورپ تجویز کروں گا، آپ وہاں سے ایک سال کا ماسٹرز فنانشل رسک مینجمنٹ میں کریں اور آپ کی بیچلرز اور ماسٹرز کا مجموعہ آپ کیلئے پاکستان اور بیرونِ ملک کیریئر کے مواقع میں اضافہ پیدا کرے گا۔
س۔ میں نے نَسٹ یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ کیا ہے، براہِ مہربانی بتائیں کہ مجھے ایم بی اے (پروجیکٹ مینجمنٹ) یا ایم ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ میں سے کس کا انتخاب کرنا چاہئے؟ (شبیر احمد۔اسلام آباد)
ج۔ اگر آپ پاکستان میں تعلیم جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ مزید ایک یا دو سال کیلئے تعلیم میں خود کو مصروف نہ کریں، بلکہ اپنی انڈسٹری میں ملازمت یا انٹرن شپ تلاش کرنے کی کوشش کریں اس سے یقیناً آپ کو ماسٹرز اور اپنی فیلڈ کے انتخاب میں مدد ملے گی، اگر آپ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو ایم ایس سی کمیونیکیشن اور الیکٹریکل انجینئرنگ کرنی چاہئے۔
س۔ سر میں Comsatsمیں سوفٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے آخری سال کا طالبعلم ہوں، اگرچہ میں یہ جانتا ہوں کہ سوفٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں کیریئر بنانے کے بہت وسیع مواقع موجود ہیں لیکن مجھ میں ایسی کیا صلاحیت ہونی چاہئے جس سے گریجویشن کے بعد مجھے زیادہ جلدی اور آسانی سے ملازمت کے مواقع حاصل ہوں، اس کے علاوہ اگر میں ماسٹرز کرتا ہوں تو مجھے کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے؟ (حسن بھٹی۔لاہور)
ج۔ میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں اور میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ سوفٹ ویئر ڈویلپمنٹ کی انڈسٹری میں چند سال کام کریں تاکہ اس میں آپ کو اندازہ ہو سکے گا کہ آپ کو کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے اور جب آپ اسپیشلائزیشن کا انتخاب کریں تو آپ ایم ایس سی سائبر کرائم،یا کلائوڈ کمپیوٹنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں، یہ یقیناً آپ کو پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں میں کیریئر کے مواقع فراہم کرے گا۔

.
تازہ ترین