• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے نجی سکول 19اور20مئی کو بند رکھنے کا اعلان

پشاور(خبرنگار)خیبرپختونخواکے مختلف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم صوبائی ایکشن کونسل نے ریگولیٹری اتھارٹی بل پر تحفظات کااظہارکرتے ہوئے بل کیخلاف تحریک چلانے اوراسی سلسلے میں19اور20مئی کودوروزکیلئے سکول بندکرنے کااعلان کر دیا۔ یہ اعلان صوبائی ایکشن کونسل کے عہدیداروں فضل اللہ دائودزئی ‘یاورنصیر صدر ‘ عقیل رازق ‘ عطاء الرحمن ‘ ڈاکٹر ذاکرشاہ اوردیگرنے پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے دوران بیوروکریسی نے ایک خاص سوچ کے تحت ایک ریگولیٹری اتھارٹی کا بل پیش کیا لیکن اُس وقت کی حکومت اور اپوزیشن نے اس سیکٹر کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے بل کو واپس لیاتاہم اب ایک خاص لابی نے اپنے مخصوص مقاصد کی تکمیل کیلئے موجودہ حکومت میں بھی اُس بل کو دوبارہ پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر ِ تعلیم اور سینئر وزیر کی سربراہی میں ہم مسلسل اپنا مؤقف پیش کرتے رہےلیکن حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے آمریت کے طور پر بل منظور کرانا چاہتی ہے ۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ وہ اس بل کی مخالفت اس لئے کررہے ہیں کیونکہ اتھارٹی کے سربراہ وزیر تعلیم ہونگے ہم سمجھتے ہیں جوکہ ایک سیاسی بندہ ہوتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ اتھارٹی کا سربراہ ایک سینئرماہر تعلیم جس کا تجربہ 20 سال ہونا چاہیے ہو۔ اتھارٹی کو حق حاصل ہوگا کہ وہ تعلیمی اداروں کے جملہ امور کور یگولیٹ کرے یعنی نصاب کی نگرانی و تقسیم ، فیسوں کا تعین، اکیڈیمک شیڈول، بابت چھٹیاں و غیرہ نصابی سرگرمیوں کی تیاری شامل ہے اورعملے کی تعلیمی اہلیت، تربیت ، قواعد اور تنخواہ کا تعین اتھارٹی کرے گی۔ یعنی سکول کا مالک و پرنسپل بے دست و پا محض تماشائی بن جائیگا۔ اس اتھارٹی کے توسط سے گورنمنٹ ہم سے فنانشل اور ایڈمنسٹر یٹو خود مختاری لینا چاہتی ہے جو کہ نجی شعبے کی ترقی کا راز ہےاسی طرح نکات پربھی تحفظا ت ہیں ۔انہوں نے موجودہ بل کویکسرمستردکرتے ہوئے کہاکہ جوبھی بل اس سیکٹرکی مشاورت کے بغیرپاس کیاجائیگااس کوتسلیم نہیں کیاجائیگا انہوں نے بل کے خلاف تحریک کااعلان کرتے ہوئے 11اور12مئی کوصوبہ بھرمیں کے 25اضلاع کے ضلعی ہیڈکوارٹر زمیں پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام مظاہرے کرنے ،16مئی کوصوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج جبکہ 19اور20مئی کوصوبہ بھرکے پرائیویٹ سکولزبندرکھنے کااعلان کیا۔
تازہ ترین