• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چلڈرن ہسپتال لاہور میں دھڑ جڑی بہنوں کو الگ کرنے کا کامیاب آپریشن

لاہور ( جنرل رپورٹر ) چلڈرن ہسپتال لاہور میں 16ماہ کی دھڑ جڑی بہنوں کے کامیاب آپریشن کے بعد دونوں بچیوںکی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہیں چار پانچ روزآئی سی یو میں رکھا جائے گا۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں دھڑ جڑے بچوں کا یہ تیسرا آپریشن تھا۔ ہسپتال کے پروفیسر آف پیڈیاٹرک سرجری ڈاکٹر محمد سلیم نے بتایا کہ 16ماہ کی عروہ اور فروا جڑے دھڑ کے ساتھ پیدا ہوئیں اور پہلے روز سے ہماری زیر نگرانی تھیں۔ ان کےجگر ‘پھیپھڑوں کی جھلیاں ‘ دل کی جھلی ‘ سانس کی نالی کا پٹہ، چھاتی اور پیٹ جڑے ہوئے تھےجنہیں گزشتہ روزچھ گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد الگ کر دیا گیا۔ دونوں بچیوں کے لئے ہسپتال میں الگ سے آئی سی یو اپ گریڈ کیا گیا ہے جہاں ان کی خصوصی نگہداشت کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں بچیوں نے آپریشن کے بعد بہتری کی طرف جانا شروع کر دیا ہے۔ انہیں 12سے 15روز ہسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں دھڑ جڑے بچوں کے دوسو سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور ایک لاکھ پیدائشوں میں ایسےایک کیس کا امکان ہو تا ہے۔ 200آپریشنز کے بعد 184بچے معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔ چلڈرن ہسپتال میں اس سے قبل دو آپریشن ہو چکے ہیں۔ گوجرانوالہ کی دو بہنیں اب 11سال کی ہو چکی ہیں۔ ایک کیس میں دو بچے جن کے دل جڑے ہوئے تھے آپریشن کے بعد فوت ہو گئے تھے۔ یہ تیسرا آپریشن ہے ان بچیوں کے زندہ رہنے کے امکانات 100فیصد ہیں باقی اللہ کی مرضی۔
تازہ ترین