• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب نےایم این سی ایچ پروگرام کے 234ملازمین کو ریگولر کر دیا

لاہور( جنرل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے میٹرنل، نیوبارن اینڈ چائیلڈ ہیلتھ( ایم این سی ایچ ) کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 234 ملازمین کو ریگولر کر دیا ہے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ صوبہ میں ضلع کی سطح پر میٹرنل، نیوبارن اینڈ چائیلڈ ہیلتھ (ایم این سی ایچ)پنجاب کے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں ریگولر کیا جائے جس پرصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ذاتی دلچسپی لے کر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو سفارش کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے 234 خاندانوں کا معاشی مسئلہ حل کرتے ہوئے سمری کی منظوری دی۔ ریگولر ہونے والوں میں گریڈ 1 سے 17 تک کے ملازمین شامل ہیں۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ریگولر ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ زیادہ لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ماں بچہ کی صحت کے پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔ ایم این سی ایچ پروگرام کے ملازمین کے نمائندے میاں افضل کمیانہ نے ملازمین کو ریگولر کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء صحت اور سیکرٹری صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم این سی ایچ کے ملازمین کے گھروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تازہ ترین