• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کو چاول کی برآمد سے ایکسپورٹ ڈھائی ارب ڈالر تک ہوسکتی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے حکومت کو بجٹ تجاویز پیش کرد ی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت رائس ایکسپورٹرز کی بجٹ تجاویز پر عمل کرے اور ایران کو براہ راست چاول کی برآمدات شروع کرنے کیلئے اقدامات کرے تو چاول کی ایکسپورٹ ڈھائی ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے ۔رائس ایکسپورٹر ایسوی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین محمود مولوی کے مطابق پاکستان کی چاول کی مجموعی ایکسپورٹ 2 ارب ڈالر کے قریب ہے اورچاول کی پیدوار 65.5 لاکھ ٹن ہے جس میں35.5 لاکھ ٹن چاول ایکسپورٹ کیا جاتا ہے ۔محمود مولوی کا کہنا تھا کہ ہماری فی ایکڑ چاول کی پیدوا ر 60 من ہے جو کہ نہایت کم ہے ،دنیا میں جدیدہائبرڈ بیج سے چاول کی کاشت کی جارہی ہے جو کہ ہمارے ملک میں صرف 15سے 20 فیصد ہے ۔حکومت مقامی چھوٹے کسانوں کو جدید بیچ مفت فراہم کرے تو چاول کی کاشت میں60 سے 70 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کو ابھی پاکستان سے چاول کی قانونی طریقے سے ایکسپورٹ شروع نہیں ہو سکی ہے ۔کوئی بھی بینک اس وقت ایران کے لئے ایل سی نہیں کھول رہا ہے جس کی وجہ سے ایران کوچاول براہ راست ایکسپورٹ نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ ایران کو چاول کی ایکسپورٹ شروع کردی جائے توایکسپورٹ میں مزید 70 فیصد اضافہ ہوجائے گاجوملکی برآمدات کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔محمود مولوی نے بتایا کہ ایران ،متحدہ عرب امارات ،سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک پاکستانی باسمتی چاول کی بڑی منڈیاں ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لانڈھی کراچی میں چاول منڈی قائم کرے جس سے اندون سندھ کاشت کار کو چاول کی اچھی رقم ملنے کے علاوہ ایکسپورٹر کو بھی اچھی کوالٹی کا چاول بھی دستیاب ہوسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور رائس ایکسپورٹرز یورپ ،خلیجی ممالک میں بھار ت کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستانی چاول کی برانڈ نگ پر کام کرنابہت ضروری ہے۔
تازہ ترین