• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہون: حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا سالانہ عرس مبارک اختتام پذیر

سہون شریف (نامہ نگار) سندھ کے صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا سالانہ 765 واں عرس مبارک اختتام پزیر ہوگیا، عرس کے تیسرے اور آخری دن شہباز آڈیٹوریم سیہون شریف میں محفل سماع کی تقریب منعقد ، تقریب کے خاص مہمان سید سردار علی شاہ تھے، تفصیلات کے مطابق حضرت لعل سہباز قلندر کا سہ روزہ عرس مبارک کے موقعے پر شہباز آڈیٹوریم میں محفل سماع منعقد ہوئی جس میں سندھ کے مشہور لوک فنکاروں نے حصہ لیا۔ فنکاروں میں مظہر علی، ذوالفقار علی، صنم ماروی، ضامن علی، منظور سخیرانی اور دیگر  نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد حاصل کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سردار علی شاہ نے چیئرمین میلہ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر جامشورو منور علی مہیسر ، ایس ایس پی جامشورو تنویر عالم اوڈھو،  ڈائریکٹر سید عبداللہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ڈاکٹر معین الدین صدیقی، اے ایس پی سہون ڈاکٹر سمیع ملک کو بہتر کارکردگی پر شہباز ایوارڈ دیئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب انسانیت کے دشمنوں  نے قلندر کی درگاھ پر حملہ کیا تو لعل شہباز قلندر کے عقیدتمندوں نے قلندری دھمال ڈال کر اس کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں نے پوری دنیا کو خوف میں مبتلا کردیا ہے برصغیر کے صوفی بزرگوں  نے ایک ہزار سال تک انتہا پسندی کا مقابلہ کیا ہے اس پیغام کے ذریعے ایک ہزارسال  تک مزید مقابلہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ امن کی دھرتی ہے۔ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے پورے عالم اسلام کے لئے امن اور سلامتی کی دعائیں کی ہیں۔ قلندر لعل شہباز کا عرس مبارک دہشتگردوں کو شکست اور امن کی فتح ہوئی ہے اس موقع پر چیئرمین میلہ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر منور علی مہیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے حضرت لعل شہباز قلندر کا عرس بخیریت اختتام پذیر ہوا ہے۔
تازہ ترین