• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی گیمزمیں پاکستان کی ناقص کارکردگی جاری،24 ویں نمبر پر

باکو( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) چوتھے اسلامک گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، جمعرات کو بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی میڈل جیتنے میں کام یاب نہ ہوسکا۔ خواتین کی 100 میٹر کی رکاوٹ کی دوڈ میں پاکستان کی ماریہ مراتب ایونٹ سے باہر ہوگئیں، وہ لانگ جمپ کے مقابلے میں بھی ناکام رہیں۔ خواتین کی 400میٹرز کے روانڈ ون کی دوڈ میں انیقا ہاشمی بھی خاطر خواہ نتیجہ نہیں دے سکیں اور 5ویں نمبر پر رہی۔ جیولین تھرو کے فائنل سے فاطمہ حسین بھی باہر ہوگئیں۔ خواتین ٹینس میں ترکی نے گولڈ، ازبکستان نے سلور اور ترکمانستان برانز میڈل حاصل کیا۔ مردوں کے ایونٹ میں ترکی نے گولڈ ،پاکستان سلور اور آزبکستان نے برانزمیڈل جیتا۔ تائی کوانڈو مقابلوں میں پاکستان کے74 منفی کے جی رائونڈ میچ میں پاکستان کے فہیم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، خواتین کے ایونٹ میں68 کے جی میں پاکستان کی نجیلا خان کو اردن کی کھلاڑی سے شکست ہوئی، 62کے جی میں یمنا صدیقی،63 کے جی میں محمد اقبال 80 پلس کے جی میں وقاص احمد کو مات ہوئی۔ ریسلنگ کے130، 75،66کے جی کے مقابلوں میں پاکستان کے محسن عباس، عبدالرحمان اور مصب اکرم خان کو پہلی ہی فائٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں راحیلہ کاشف کو ترکی کی ہومیلاک سے شکست کا سامنا ہوا۔ مردوں کے ایونٹ میں رمیز خان ایران کے کھلاڑی سے پری کواٹر فائنل میں شکست کھاگئے۔ دریں اثنا جمناسٹک میں ترکی نے سات گولڈ میڈل کے ساتھ میدان مار لیا، مردوں کے باکسنگ ایونٹ میں ازبکستان کے عبداللہ نے56 کے جی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ کھیلوں میں ترکی 59 گو لڈ،51 سلور اور 43برانز میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے ،آذر بائی جان نے تمغوں کی ڈائمنڈ جوبلی مکمل کر لی اس نے58 گولڈ، 33 سلور اور 24 برانز میڈل حاصل کئے۔ ایران تمغوں کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان اس دوڑ میں24 ویں نمبر پر ہے جس نے دوسلور اور تین برانز میڈل جیتے ہیں۔
تازہ ترین