• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخالف امیدوار کو بھی مباحثے میں شریک کیا جائے، ناز شاہ، اصولی موقف مسترد کرنے پر تقریب سے واک آئوٹ

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) مسلم ویمن کونسل کی طرف سے بریڈ فورڈ ویسٹ سے مسلم خواتین امیدواروں کے لیے ایک تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا جو مباحثے کی صورت اختیار کرگیا۔ مسلم و یمن کونسل نے ناز شاہ اور سلمیٰ یعقوب کو مدعو کر رکھا تھا۔ مباحثہ شروع ہونے سے پہلے ہی ہال کچھا کھچ بھر گیا بعض شرکا ہال میں داخل نہ ہوسکے جس کی وجہ سے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ مسلم و یمن کونسل کی چیئرمین نے کونسل کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ تنظیم نسلی منافرت مذہبی منافرت کے خلاف کام کرتے ہوئے سوسائٹی میں ہم آہنگی کی کوششیں کررہی ہے۔ مباحثےکےآغاز میں لیبر پارٹی کی پارلیمانی امیدوار ناز شاہ کو دعوت دی گئی کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ ناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا برطانیہ میں ہمیں مساوات پر مبنی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مسلم ویمن کونسل کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ سفید فام امیدوار جو کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے میرے خلاف امیدوار ہے کو بھی مباحثے میں شامل کیا جائے تاکہ لوگ ان کے بھی خیالات جان سکیں۔ مذہب یا رنگ کی بنیاد پر اس کو الگ تھلک نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم ویمن کونسل نے ناز شاہ کے اس مطالبے کو رد کردیاجس ناز شاہ نے مباحثے کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک اوٹ کرگئیں۔ ناز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ برٹش ویلیو پر کوئی کمپرومائز نہیں کرسکتی کمیونٹی کو رنگ اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا انتہائی خطرناک ہوگا انہوں نے کہا کہ جمہوریت برابری کا درس دیتی ہے۔ تاہم ناز شاہ کے واک آئوٹ کے بعد ان کی خالی نشست پر سفید فام کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار جارج گرانٹ کو بلالیا گیا جس کے لیے ناز شاہ نے اپیل کی تھی جوکہ مسترد کردی گئی تھی۔ جارج گرانٹ نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ناز شاہ کے اس اقدام کی تعریف کی، ان کا کہنا ہے کہ مجھے مجھے بھی اپنے خیالات کے اظہار کا اتنا ہی حق ملنا چاہیے جتنا مسلمان امیدواروں کو دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے اس طرح کا اقدام کمیونٹی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا، جوکہ خطرناک ہے۔ اس موقع پر آزاد امیدوار سلمیٰ یعقوب نے کہا کہ مسلم ویمن کونسل کو ٹوری پارٹی کے امیدوار جارج گرانٹ کو موقع دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے ناز شاہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی اس طرح کے رویوں کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ مقامی آزاد امیدوار مسٹر مجازی نے بھی کہا کہ مذہب کی بنیاد پر اس طرح کی تقسیم خطرناک ہوگی، ہمیں کمیونٹی کو متحد کرنا چاہیے۔ مسلم وویمن کونسل کا موقف ہے کہ وہ بریڈ فورڈ میںخواتین امیدواروں کی پالیسیوں کو جاننا چاہتے تھے۔ انہوں نے ناز شاہ کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد خواتین کو مساوی حقوق دلوانا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں اہم رول ادا کرسکیں۔
تازہ ترین