• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم، کمیونٹیز کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کریں گے، نومنتخب لارڈ میئر کونسلر عابد حسین

بریڈ فورڈ (م۔ ر۔ م) پاکستان نژاد کونسلر عابد حسین نے نئے لارڈ میئر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سٹی ہال کے کھچا کھچ بھرے ہوئے چیمبر میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھاتے ہوئے بریڈ فورڈ شہر کو ایک مرتبہ پھر اس لحاظ سے برطانیہ میں نمایاں کردیا کہ بریڈ فورڈ برطانیہ کا وہ پہلا شہر ہے جو6مرتبہ لارڈ میئر کی ذمہ داریاں پاکستانی کشمیری کونسلروں کو تقویض کرچکا ہے اس سے قبل1985میں محمد عجیب نے برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار ایک مسلمان ایشیائی لارڈ میئر بن کر ایک تاریخ رقم کی، پھر2011میں بریڈ فورڈ ہی سے پہلی مسلمان خاتون نے لارڈ میئر کا اعزاز حاصل کیا وہ خوش قسمت خاتون نویدہ اکرام تھیں جبکہ2001میں غضنفر خالق، 2006میں چوہدری رنگ زیب، 2013میں کونسلر خادم حسین لارڈ میئر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ سٹی ہال میں لارڈ میئر کی حلف برداری کی تقریب میں قونصل جنرل احمد امجد علی سمیت سابق لارڈ میئرز کونسلروں اور مقامی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کونسلر عابد حسین لارڈ میئر کے مخصوص لباس میں جب سوک ہال میں داخل ہوئے تو باقاعدہ بگل بجا کر ان کا استقبال کیا گیا تو ہال میں موجود تمام پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوگئے۔ اس موقع پر لارڈ میئر کونسلر عابد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لارڈ میئر کا اعزاز ملنا پوری برٹش کشمیری کمیونٹی کا اعزاز ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بحیثیت لارڈ میئر دونوں کمیونٹیز کے درمیان اتحاد و اتفاق کو قائم رکھتے ہوئے دونوں تہذیبوں کے تعلقات مستحکم اور مزید قریب کریں گے،نوجوان نسل کے لئے تعلیمی مواقع فراہم کریں گے اور کوشش کریں گے کہ تمام کے ساتھ بہتر ریلشن شپ قائم کریں۔ لارڈ میئر عابد حسین بنگل کی مقامی چیرٹی ڈائون سینڑرم ٹریننگ اور سپورٹ سروس اور وشنگ ویل اپیل چیرٹی کے لئے کام کرتے ہوئے اس کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔ کیتھلے سے تعلق رکھنے والے عابد حسین نے کہا کہ کیتھلے ہی کو ایک بار پھر اعزاز حاصل ہوا کہ ڈپٹی لارڈ میئر کے لئے ڈرین لی کا تعلق بھی کیتھلے سے ہے۔ بلاشبہ برٹش پاکستانیوں کا اہم منصب حاصل کرنا برطانیہ میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ لارڈ میئر آف بریڈ فورڈ کونسلر عابد حسین میرپور آزاد کشمیر علاقہ کھاڑک میں 1958میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم ان کے والد چوہدری فضل داد نے انہیں کھاڑک ہائی سکول میں دلائی۔ 1970کی دہائی میں وہ اپنے والد اور بہن بھائیوں کے ساتھ برطانیہ کے شہر کیتھلے آباد ہوگئے۔ یہاں کے مقامی سکول میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے بھائی حاجی ظفر اقبال جماعتی کے ہمراہ ایک ٹیکسٹائل مل میں کام شروع کردیا، ان کی محنت اور لگن ہی تھی وہ برٹش موہیر سپنرز کی ٹیکسٹائل مل کے سپروائزر بن گئے، اس کے ساتھ اپنے خاندان سے مل کر کام شروع کردیا اور مقامی سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کردیا، لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے اور کیتھلے سینٹرل سے وہ بھاری اکثریت سے کونسلر بنے۔ حاجی عابد حسین کا سیاسی سفر کامیابیوں سے جاری رہا ان کی عوامی خدمات کو لوگوں نے ہر موقع پر سراہا اور بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ لارڈ میئر عابد حسین کے مطابق انہیں لیبر پارٹی کے اراکین اور کونسلروں کی بھی بھرپور سپورٹ رہی بلاشبہ53سال کیتھلے شہر میں گزارتے ہوئے نہ صرف عوامی خدمات کا عظیم ریکارڈ قائم کیا بلکہ دینی و سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نئے لارڈ میئر عابد حسین کے پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں ان کی شریک حیات شہناز اختر نے ان کی زندگی کے ہر موڑ پر مدد فرمائی ایک مشرقی عورت کے طور پر اپنے خاندان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ عابد حسین کو جب لارڈ میئر کا چین پہنایا گیا تو وہاں ان کی شریک حیات شہناز اختر بھی لارڈ میئرس کی حیثیت سے چین کے ساتھ ان کے ساتھ تھیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ سول ہال میں ایک پاکستانی لارڈ میئر کی حلف برداری کی تقریب میں ایک پاکستانی ماحول نظر آیا۔ پاکستان کی باتیں ہو رہی ہیں جو ہم سب کے لئے قابل فخر ہے۔ سابق لارڈ میئر محمد عجیب نے کہا کہ مقامی کمیونٹی کا اہم منصب پر جانا انتہائی قابل فخر ہے یہ سلسلہ یہاں تک نہیں رکے گا ہماری نوجوان نسل آگے بڑھے گی۔ غالب رضا ایڈووکیٹ نے عابد حسین کو لارڈ میئر بننے پر ان کے بھائی ظفر اقبال جماعتی اور ان کے خاندان کو مبارک باد دی۔ مقامی تاجر زاہد مغل نے کہا کہ کونسلر عابد حسین کا لارڈ میئر بننا بلاشبہ ان کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔ تقریب میں سابق لارڈ میئر رنگ زیب، بریڈ فورڈ ایسٹ سے پارلیمانی امیدوار بیرسٹر عمران حسین، ڈیوڈ وارڈ، کیتھلے سے پارلیمانی امیدوار جان گروگن، سابق لارڈ میئر نویدہ اکرام، کونسلر ثمینہ اختر، کونسلر نصرت، کونسلر رضوانہ جمیل، کونسلر فوزیہ شاہین، گوہر الماس خان، کونسلر محمد شفیق، محمد شعیب میرپوری، علامہ خورشید احمد صابری کے علاوہ مقامی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تازہ ترین