• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی انتخابات میں مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کی جائے گی، راجہ فہیم کیانی

برمنگھم(ابرارمغل)تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ آٹھجون کو برطانیہ کی پارلیمنٹ کے انتخابات مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑی اہمیت کے حامل ہیں، کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں تاکہ آئندہ اقتدار میں آنے والی حکومت پر دبائو بڑھایا جا سکے، اپنے اپنے حلقے کے امیدواروں کے ساتھ رابطہ کر کے خطے کی صورت حال اور کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کے دوران اپنا کلیدی اور مثبت کردار ادا کیا جائے اور مختلف پارٹی امیدواروں سے کشمیر پر کمٹمنٹ حاصل کی جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر سے واپسی کے بعد تحریک کشمیر برطانیہ کے ہیڈ کوارٹر کشمیر ہائوس برمنگھم میں آئندہ ماہ برطانیہ میں ہونے والےالیکشن کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی سنگین صورت حال اختیار کر چکے ہیں،پوری دنیا میں خاموشی چھائی ہوئی ہے ،برطانیہ میں جس طرح دو سال قبل الیکشن کے موقع پر ملک بھر میں مہم شروع کی گی تھی اس طرح اس موقع پر برطانیہ بھرکا دورہ کر کے کشمیر ڈیکلریشن پر دستخطی مہم شروع کی جائے گی اور تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما زونل اور برانچوں کے ناظمین اس میں اپنا بھر پور حصہ لیں گے ،مختلف شہروں کا دورہ کیا جائے گااور کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے۔فہیم کیانی نے کہا کہ جن ممبران پارلیمنٹ نے مختلف موقعوں پر پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بحث میں حصہ لیا ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ،ان کا کسی بھی صورت میں ہارنا کشمیر کاز کے مفاد میں نہیں ہے ،برہان وانی کی شہادت کے بعدکشمیری گذشتہ دس ماہ سے انتہائی مشکل حالات سے گذر رہے ہیں ،پیلٹ گن کا استعمال کر کے سیکڑوں نوجوانوں بینائی ختم کر دی گئی ہے۔بھارت نے حریت قیادت پر ہر طرح کی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں سوشل میڈیا کو بھی بند کر دیا گیا ہے تاکہ کشمیریوں کی آواز دنیا تک نہ پہنچ سکے ان تمام حالات اور تشویش سے امیدواروں کو آگاہ کرنےکی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دس نکات پر مبنی کشمیر ڈیکلریشن پردستخط کرائے جائیں اور آئندہ پارلیمنٹ میں ایک بڑی تعداد ایسی ممبران پارلیمنٹ کی منتخب ہو جائے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کر یں اور برطانوی حکومت کو بھی مجبورکر سکے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرئے مسئلہ کشمیر کےپُرامن اور دیرپا حل کے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ جس طرح سکاٹ لینڈ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا ہے اس طرح کشمیر پر بھی بھارت عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرے تاکہ خطے میں امن قائم کرنے میں مدد مل سکے۔ پریس کانفرنس سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سکریٹری مفتی عبدالمجید ندیم، مڈلینڈ زون کے صدر راجہ قمر عباس، برمنگھم برانچ کے سکریٹری یاسین بدر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین