لوٹن (شہزاد علی) لوٹن کے کشمیری پاکستانی نژاد کونسلر چوہدری محمد ایوب ایڈووکیٹ نے بروز منگل لوٹن کے نئے میئر کا چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے بنگلہ دیشی نژاد میئر طاہر خان سے چارج لیا۔ میئر میکنگ تقریب اگلے ہفتے24مئی کو منعقد ہوگی۔ ان کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے اور2007ء سے حلقہ بسکٹ سے مسلسل بھاری اکثریت سے منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں۔ ان کی اہلیہ نسیم ایوب لوٹن کی ایگزیکٹو کونسلر ہیں۔ وہ ڈپٹی میئر رہ چکے ہیں۔ میئر بننے کے بعد ’’جنگ‘‘ سے بات چیت میں چوہدری ایوب نے کہا ہے کہ وہ لوٹن کے تمام شہریوں کی بلا امتیاز نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹن ایک ملٹی کلچرل ٹائون ہے جہاں تمام لوگ مل جل کر اس قصبہ کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔