• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹم انٹیلی جنس نے 14 ٹن اسمگل شدہ چائے پشاور کے قریب پکڑ لی

اسلام آباد (حنیف خالد) ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس شوکت علی کی خصوصی ہدایت پر کسٹمز انٹیلی جنس نے دو بڑی کارروائیوں میں سمگل کی جانے والی چائے اور سٹیل شیٹوں کی بھاری مقدار قبضہ میں لے لی ہے۔ کسٹمز انٹیلی جنس پشاور کو با خبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ غیر ملکی چائے کی ایک بہت بڑی مقدار پشاور سے اندرون ملک سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ لہٰذا کسٹمز انٹیلی جنس پشاور نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جی ٹی روڈ پبی نوشہرہ پر ناکہ بندی کی۔ دوران ناکہ بندی ایک مشکوک نسان ٹرک جو کہ پشاور سے آرہا تھا کو روکا۔ تلاشی لینے پر چائے کے 215 بیگ برآمد ہوئے۔ چائے کا کل وزن 14620 کلو گرام تھا۔ دوسری کارروائی میں کسٹمز انٹیلی جنس پشاور نے لاچی ٹول پلازہ کوہاٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک نسان ٹریلر جو کہ کراچی سے آرہا تھا کو روکا۔ تلاشی لینے پر دوسری اشیاء کے نیچے رکھی ہوئی 21900 کلو گرام غیر ملکی کوٹڈ سٹیل کی شیٹیں برآمد ہوئیں۔ جس کا کوئی قانونی ثبوت پیش نہ کیا جاسکا۔ مذکورہ سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ شقوں کے تحت قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔ پکڑے گئے سامان کی کل مالیت دو کروڑ تینتالیس لاکھ روپے ہے۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے مزید تفتیش جاری ہے۔ 
تازہ ترین